کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی سے قائمقام گورنر اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو کی سراوان ہاؤس میں ملاقات مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ملاقات میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے اراکین صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو اور میر حمل کلمتی بھی موجود تھے ۔
ملاقات کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قائمقام گورنر اور اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ چیف آف سراوان نواب محمد اسلم خان رئیسانی سے ملنے آیا تھا ، نواب صاحب ہمارے بڑے ہیں صوبے کیلئے ان کی خدمات اہمیت کی حامل ہیں ۔
کافی عرصے سے کوئٹہ میں عدم موجودگی کی وجہ سے میری نواب صاحب سے ملاقات نہیں ہوئی تھی آج یہاں آکر ان کی خیریت دریافت کی ہمارے درمیان ہونے والے ملاقات کی کوئی سیاسی کہانی نہیں ہے نواب صاحب قبائلی شخصیت ہیں ملاقات میں قبائلی صورتحال پر اچھی خاصی گفتگو ہوئی ہے ۔
گزشتہ روز نواب صاحب نے شاہوانی قبیلے کے سردار کی دستار بندی بھی کی میں نواب صاحب سے ان کی سیاسی اور قبائلی تجربات سیکھنے کی کوشش کرتارہاہوں ۔ میڈیا کا پیچھا کرنے پر ہماری نوکری خطرے میں پڑ جاتی ہے ۔
بلوچستان میں سیاسی تبدیلی کیلئے متحرک ہونے کے سوال کے جواب میں اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے کہا کہ میرے متحرک ہونے کو تبدیلی سے نہ جوڑا جائے یہاں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ، بحیثیت اسپیکر حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنامیرے فرائض منصبی میں شامل ہے نواب صاحب کا شکریہ ادا کرتاہوں انہوں نے مجھے عزت دی ۔
اس موقع پر نواب اسلم رئیسانی نے اپوزیشن کو ترقیاتی منصوبوں میں نظر انداز کئے جانے اورسی پیک منصوبے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ 25 مارچ کو ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اپنے تحفظات پیش کرینگے ۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی اختر حسین لانگو نے کہا کہ 25 مارچ کو ہونے والے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پی ایس ڈی پی سمیت دیگر اہم امور سے متعلق اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ حکمت عملی وضع کی ہے ۔ آج کی ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی اسپیکر بلوچستان اسمبلی ہمارے دوست ہیں اس سے قبل 2002ء کی اسمبلی میں بھی ہم ایک ساتھ رہے ہیں ۔
بلوچستان کی اپنی روایات ہیں ہمارے سیاسی طور پر مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق ضرور ہیں مگر قبائلی سطح پر ہماری دوستیاں برقرار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نواب صاحب ہمارے بڑے اورچیف آف سراوان ہیں ہمیشہ ان سے مشاورت کیلئے ہم آتے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سراوان ہاؤس میں اپوزیشن جماعتوں کا ہونے والا اجلاس سیاسی تھا آج کی ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی مگر ملاقات میں قبائلی اور سیاسی معاملات پر بات ہوئی ہے
اپوزیشن سے ملاقات کو تبدیلی سے نہ جوڑا جائے ، قدوس بزنجو ، اپنے تحفظات اسمبلی میں پیش کرینگے ، نواب رئیسانی
وقتِ اشاعت : March 23 – 2019