|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2019

کوئٹہ: پاکستان بلوچ یونٹی کے چیئرمین ڈاکٹر جمعہ خان مری نے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کو ترقی سے دور رکھنے کیلئے آزادی کے نام پر لوگوں کو ورغلایا جارہا ہے بلوچ اور پشتون مودی کے ناپاک ایجنڈے کے کیخلاف متحدہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کے باہر یوم پاکستان کے موقع پر نکالی جانیوالی ریلی کے شرکاء سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا قبل ازیں پاکستان بلوچ یونٹی کی جانب سے 400 میٹر طویل قومی پرچم کے ہمراہ سریاب روڈ سے کوئٹہ پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ۔

ریلی کے شرکاء نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے نعرہ بازی کی۔اس موقع پر ڈاکٹر جمعہ خان مری نے مزید کہا کہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ آج بلوچ اور پشتون بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کے ناپاک ایجنڈے کیخلاف متحد ہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ بلوچ پشتون نام نہاد قیادت بھارتی اور افغانستان کے خفیہ اداروں را اور این ڈی ایس سے پیسے لیکر سی پیک کو ناکام بنانے کیلئے دشمن کے ہاتھوں میں کھیل کر لوگوں کو آزادی کے نام پر ورغلا کر قبائلی علاقوں کو ترقی سے دوررکھنا چاہتے ہیں۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بلوچ یونٹی کے وائس چیئرمین میرخدا بخش مری نے کہا کہ پاکستا ن میں بلوچ اور پشتون عوام کو انکے تمام حقوق حاصل ہیں بادرودی سرنگ بچھاکر بے گناہ لوگوں کوشہید کیا جارہا ہے ایسے ہتھکنڈوں سے آزادی حاصل نہیں کی جاسکتی ہے، بلوچستان میں آباد تمام اقوام اور قومیں را اور اسرائیلی ایجنٹوں کیخلاف متحد ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچ اور پشتون کو انکے تمام حقوق حاصل ہیں اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے دشمنوں نے نوابزادہ میر سراج خان رئیسانی اورانکے ساتھیوں کو شہید کرکے ان کے مشن کو ختم نہیں کرپائے ہیں ۔ اس موقع پروڈیرہ میر ہزار خان مری، رحمت مری، غفار رئیسانی ، ہادی خان اور خدائے دوست کاکڑ نے بھی خطاب کیا ۔