کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی دو بھائیوں سمیت تین افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیاگیا ہے۔
بارکھان پولیس کے مطابق تشدد زدہ لاشیں بارکھان کی تحصیل رکھنی سے تین کلو میٹر دور زادین کے علاقے سے ملی ہیں۔ لاشیں مین روڈ سے بیس سے پچیس قدم کے فاصلے پر پھینکی گئی تھیں۔اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاشوں کو سول ہسپتال رکھنی منتقل کردیا جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق تینوں مقتولین کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے ، انہیں سر اورچہرے پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا جبکہ جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے پرانے نشانات بھی تھے۔ مقتولین کی جیب سے ملنے والے شناختی کارڈ سے ان کی شناخت شناخت علم الدین ولد شبیر احمد، نظام الدین ولد شبیر احمد اور رضا خان ولد دریا خان کے نام سے ہوئی۔علم دین اور نظام الدین بھائی ہیں، تینوں افراد کا تعلق خیبر پشتونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان سے ہے۔
پوسٹ مارٹم کے بعد لاشوں کو اسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دیا گیا ہے تاہم اب تک ان کے ورثاء کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تہرے قتل کے محرکات کا اب تک علم نہیں ہوسکا ہے۔
بارکھان، دو بھائیوں سمیت 3افراد کی لاشیں برآمد ، تعلق کے پی سے ہے
وقتِ اشاعت : March 24 – 2019