|

وقتِ اشاعت :   March 26 – 2019

کو ئٹہ : بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں پہاڑی تودہ مکان پر گرنے سے ماں اور پانچ بچے جاں بحق ہوگئے۔ 

ایک ہی گھر سے چھ جنازے اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر ہرنائی عظیم جان دمڑ کے مطابق ہرنائی سے باون کلومیٹر دور زندہ پیر کے گاؤں میں ایک پہاڑی درے میں واقع مکان بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے تباہ ہوا۔ پہاڑی تودہ کبیر شاہ نامی شخص کے مکان کے ایک کمرے پر گرنے سے ان کی اہلیہ اور پانچ بچے جاں بحق ہوگئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق جاں بحق والے بچوں کی عمریں تین سے گیارہ سال کے درمیان ہیں۔ 

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچیں اور ملبہ ہٹا کر لاشیں نکالی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ ملبے سے دو سالہ بچی کو بھی زندہ نکالا گیا جو معجزانہ طور پر حادثے میں بچ گئی تھیں۔ 

انہوں نے بتایاکہ بارشوں کے سبب دو ندیوں میں طغیانی آئی جس کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو بروقت پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایک ہی خاندان کے چھ افراد کی اموات پر علاقہ سوگوار ہوگیا۔ جاں بحق افراد کی نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر، ایف سی کے کمانڈنٹ اور علاقے کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔