|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر بی اے پی کے مرکزی رہنما میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ حکومتیں بنتی اور چلتی جاتی ہیں ورکرز کے مسائل حل نہ ہوتوانہیں کوئی یاد نہیں کرتا،ہماری پارٹی اور ورکرز دونوں کو نہیں چلایا جارہا اگر نہیں چلاسکتے تو چلانے والے چلا کر بتادیں گے میرے لیے حکومت نہیں ورکرز اہمیت کے حامل ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی اے پی کے پہلے یوم تاسیس کے موقع پر جلسے سے خطاب کے دوران کیا،میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سنےئر رہنماؤں کی خواہش تھی کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنے کیلئے بلوچستان کے سطح پر ایک سیاسی پارٹی بن جائے جس میں بلوچستان کے عوام کا بنیادی مسائل کا حل ہو بلوچستان کے عوام کو مختلف ادوار میں مختلف ناموں سے ترقی کی بجائے پسماندگی کی طرف دھکیل دیا گیا لیکن ہم نے ایک سیا سی جماعت بنا کر عوامی مسائل حل کرنے کیلئے حکومت بنائی ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آنی جانی چیز ہے ہم کارکن اور پارٹی کو اہمیت دیتے ہیں حکومت سے بحیثیت سپیکر صوبائی اسمبلی حکومت سے توقع رکھتا ہوں کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے بھر پور کوشش کرینگے اس وقت میدان میں نہ پارٹی نظر آرہی ہیں اور نہ ہی حکومت نظر آرہی ہیں ۔

پی ایس ڈی پی کو ایک بہانہ بنا کر عوامی مسائل کو حل کرنے میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں پی ایس ڈی پی بنانے میں موجودہ حکومت بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ارکان کا بھی نمایاں کردار رہا ہے ۔

پی ایس ڈی پی میں کوئی خرابی نہیں ہے اگر خرابی ہے بھی تو مل بیٹھ کر اس کا حل نکالا جائے 8ماہ کی حکومت میں آج تک میں وزیراعلیٰ ہاؤس نہیں گیا ہوں سنا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے اندر بنکر لگائے گئے ہیں۔