دالبندین: چینی کمپنی ایم آر ڈی ایل کے صدر خوشوپنگ نے کہا ہے کہ سیندک پروجیکٹ پاک چین دوستی کی ایک کڑی ہے اس سلسلے میں مقامی لوگوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیندک میں دالبندین پریس کلب کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر دالبندین پریس کلب کے صدر علی رضا رند، سرپرست اعلی حاجی عبدالستار کشانی، نائب صدر دوئم ظاہر شہزاد نوتیزئی، جنرل سیکرٹری میراحمد محمدحسنی، فنانس سیکرٹری حاجی فاروق عادل سیاپاد، پریس سیکرٹری قمرزمان گورگیج، آفس سیکرٹری شبیر احمد مینگل اور سینئر صحافیوں علی دوست بلوچ، قاضی ریاض حسین، محمدبخش بلوچ، فیض اللہ عابد سمیت ایم آر ڈی ایل کے نائب صدر خالد گل یوسفزئی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد گل مینگل ودیگر پاکستانی اور چینی افسران بھی موجود تھے۔
صحافیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے خوشوپنگ کا کہنا تھا کہ ایم آر ڈی ایل 17 سالوں سے سیندک پراجیکٹ میں معدنیات نکالنے کا انتہائی مشکل اور تکنیکی کام کررہی ہے اس دوران سینکڑوں پاکستانیوں کو روزگار سمیت قریبی علاقوں کو بجلی، تعلیم، پانی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے دیگر مواقع بھی پیدا کیئے۔
ان کا کہنا تھا کہ نوکنڈی کو پانی اور بجلی کی فراہمی کا منصوبہ بھی سیندک پراجیکٹ کی سی ایس آر فنڈ سے منظور کیا گیا جبکہ اس کے علاوہ ضلع چاغی میں مختلف نوعیت کے ترقیاتی کام کرائے گئے. ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سیندک پراجیکٹ کی منافع سے 56 فیصد پاکستان جبکہ 46 فیصد حصہ ایم آر ڈی ایل کو مل رہی ہے ہم اپنے حصے کا کام کررہے ہیں اور جہاں تک ممکن ہو ترقیاتی منصوبوں کو وسعت دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین دوستی کی ایک اہم سنگ میل ہے جس کا مرکز بلوچستان ہوگا اور سی پیک سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سیندک پراجیکٹ میں وقت کے ساتھ ساتھ مختلف نوعیت کے مسائل درپیش ہیں لیکن ایم آر ڈی ایل پاکستانیوں کی مدد سے تمام مسائل سے نمٹ رہی ہے جبکہ سیندک پراجیکٹ کی پوری ٹیم جانفشانی سے اپنا کام کررہی ہے. ان کا کہنا تھا کہ صحافی معاشرے میں آگاہی پھیلانے کا اہم کردار ہوتے ہیں چاغی میں وسائل کی کمی نہیں ہمیں مل کر مستقبل کی طرف پیش بندی کرنا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ غیر ملکی سرمایہ کار مواقع دیکھ کر سرمایہ کاری کرتے ہیں جب مواقع نہ رہیں تو کام جاری رکھنا مشکل ہوتا ہے. انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایم آر ڈی ایل مقامی لوگوں کے فلاح و بہبود اور معاشی و معاشرتی ترقی کے لیے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔
آخر میں دالبندین پریس کلب کے صدر علی رضا رند اور جنرل سیکرٹری میراحمد محمدحسنی نے خوشوپنگ کو ضلع چاغی کے مجموعی مسائل سمیت دالبندین، تفتان، نوکنڈی اور چاغی کی صحافیوں کے بنیادی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
سیندک پروجیکٹ پاک چین دوستی کامظہر ہے علاقے کی ترقی کیلئے کام کرینگے،چینی کمپنی
وقتِ اشاعت : March 31 – 2019