|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2019

کوئٹہ:  تحریک انصاف کے صوبائی پارلیمانی لیڈراور وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ پوزیشن اور حکومت اراکین کے حلقوں کی یکساں اہمیت ہے ایجنڈا حکومت کا ہونا چاہئے۔ 

ہفتہ کوبلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے کہا کہ قومی اسمبلی سمیت کسی بھی صوبائی اسمبلی میں اراکین کی جانب سے ایک ایک گھنٹے تک بولنے کی مثال موجود نہیں جب ایک معزز رکن ایک گھنٹے تک مسلسل بولے گا تو اسے نہ تو کوئی سننے والا ہوگا نہ ہی پھر کسی دوسرے معزز رکن کو بات کرنے کا موقع ملے گا ۔

انہوں نے سپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں ایک گھنٹے تک بولنے کی روایت نہ رکھیں جائے بولنے والا قائد ایوان ہی کیوں نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے جواہلیت و صلاحیت دی ہے اس کے مطابق بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے کام کروں گا اوربلوچستان کے تمام علاقوں کو یکساں اہمیت دوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ سابق دور حکومت میں جب میرے پاس پاکستان کی تیسری بڑی وزارت تھی اس وقت بھی میں نے بلا تفریق صوبے کی خدمت کی اور اٹھارہ ماہ کے قلیل عرصے میں چار سو سے زائد لوگوں کونوکریاں دیں اور لوگوں کو نوکریوں کے حکمنامے گھروں پر پہنچائے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے ایوان میں سلیقے کا خیال رکھنا چاہئے اپوزیشن اراکین ہوں یا حکومت تمام اراکین کے حلقوں کی یکساں اہمیت ہے ایجنڈا حکومت کا ہونا چاہئے لیکن دونوں کی حیثیت برابر ہے انہوں نے کہا کہ میں خود بھی صوبائی اسمبلی میں واحد اپوزیشن رکن رہا ہوں اور پانچ سال کے دوران جب باقی اراکین کوایک ارب 27کروڑ کے ترقیاتی فنڈدیئے گئے ۔

اس دوران مجھے127روپے بھی نہیں ملے میرے حلقے کے فنڈز باقی اراکین میں تقسیم کئے گئے یہ سلسلہ ختم ہونا چاہئے اجلاس میں صوبائی وزیر محمدخان لہڑی ، دنیش کمار اور قادر علی نائل نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کو وزیراعظم کا معاون خصوصی مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔