کوئٹہ : بھاگ ناڑی کو پانی دو تحریک اور صوبائی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ، وفا سومرو نے پانچ روز سے جاری تادم مرگ بھوک ہڑتال ختم کردیا ۔
پیر کے روز بھاگ ناڑی کو پانی دو تحریک کے چیئرمین وفا مراد سومرو سے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور احمد کاکڑ ، سیکرٹری پی ایچ ای عبدالفتح بھنگر نے مذاکرات کئے اس موقع پر چیف انجینئر عمران عالیانی ، ایکسیئن پی ایچ ای آفتاب شاہوانی بھی موجود تھے ۔
اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری منظور کاکڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے تعلیم ، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے جو وعدے کیے وہ صرف دعووں تک محدود رہے لیکن موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان بھر میں تعلیم ، صحت اور پانی کی صاف پانی سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔
بھاگناڑی کو پانی کی فراہمی کا مسلہ پہلی ترجیح میں حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کئے گئیہیں ہماری حکومت صوبے میں کسی ایک مسئلے نہیں بلکہ تمام مسائل پر فوکس کر رہی ہے ہم ایسی حکومت قائم کرنے جارہے ہیں جسکی ماضی میں مثال نہیں ملتی اگلے تین سے چار ماہ کے دوران عوام واضح تبدیلی محسوس کریں گے ۔
اس موقع پر سیکرٹری اری گیشن عبدالفتح بھنگر نے بتایا کہ شوران واٹر سپلائی اسکیم پر کام جاری ہے اور 52 کلو میٹر پائپ لائن میں سے 40 کلو میٹر بچھائی جاچکی ہے ساتھ ہی سٹوریج ٹینک پر بھی کام کا آغاز ہوچکا ہے ، ایک ماہ میں کام مکمل کرلیا جائے گا۔
کچھی واٹر سپلائی اسکیم کی ڈیرہ مراد جمالی سے پائپ لائن سے بلاتعطل پانی کی سپلائی کیلئے محکمہ پبلک ہیلتھ نے ہنگامی بنیادوں پر چھ مقامات پر پائپ لائن کی مرمت مکمل کرلی ہے اسوقت بھاگ شہر کوڈیڑھ لاکھ گیلن پانی روزانہ سپلائی کیا جارہا ہے، کچھی پلین فیز ٹو کے تحت28کلو میٹر طویل پائپ لائن بچھائی جاچکی ہے۔
قبل ازیں تحریک کے چیئرمین وفا مراد سومرونے حکومتی وفد کے سامنے اپنے مطالبات رکھتے ہوئے کہا کہ علاقے میں واٹر سپلائی کو مستقل طور پر فعال ، کچھی میں اسکیم جو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے کی مرمت کرائی ، پائپ لائین کے زریعے گھر گھر پانی فراہم ، شوران سے پانی کی فراہمی ، علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور وولٹیج کی کمی کو دور کیا جائے ، 32 کلو میٹر پائپ لائن کی دیکھ بھال اور راستے میں آنیوالی علاقوں کو پانی کی فراہمی ، ٹرانسفر کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
جس پر حکومتی وفد نے انہیں یقین دہانی کرائی اور تمام مطالبات پر اسٹامپ پیپر پر تحریری یقین دہانی کرائی ،بعد ازاں بھوک ہڑتال پر بیٹھے چیئرمین وفا مراد سومرو اور دیگر ساتھیوں کو انہوں نیجوس پلا کر ان کی بھوک ہڑتال ختم کرادی
’’بھاگ کو پانی دو ‘‘حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد بھوک ہڑتال ختم
وقتِ اشاعت : April 2 – 2019