|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2019

تربت: صوبائی وزیر اطلاعات و ہائر ایجو کیشن ظہور احمد بلیدی نے کمشنر آفس تربت میں ضلع کیچ کے مختلف محکموں کے آفیسران کے ساتھ ایک اہم اجلاس میں شرکت کی ۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیچ ذیشان سکندر بھی موجود تھے ۔ اس دوران ضلعی آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری محکموں میں گڈ گورننس اور عوامی بہبود کے منصوبوں میں معیار کو قائم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہیں ۔ جس پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ صوبائی حکومت کے واضح احکامات کی روشنی میں عوامی نوعیت کے منصوبوں کو کس طرح بد عنوانی سے پاک کیا جائے اور ان منصوبوں میں غیر معیاری میٹریل کے استعمال کے تدارک کو یقینی بنایا جاسکے ۔ 

اس دوران ایکسیئن بی اینڈ آر نصیر احمد رند نے صوبائی وزیر اطلاعات کو تربت بلیدہ روڈ کے کام کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تربت بلیدہ روڈ پر کام تیزی سے جاری ہے اور اب تک 5کلو میٹر بلیک ٹاپنگ مکمل ہوچکی ہے جبکہ باقی ماندہ کام رواں سال کی آخر میں مکمل ہوجائیگا ۔ 

انہوں نے صوبائی وزیر کو روڈ کے فنڈز کے اجراء کے بارے میں بھی آگاہ کیا جبکہ صوبائی وزیر نے فنڈ ز کے مسائل کے ساتھ چیک کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ جبکہ محکمہ تعلیم کے ضلعی آفیسراختر ایاز سے گفتگو کرتے ہوئے ۔

ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ ہمیں سرکاری اسکول کے معیار کو پرائیوٹ اسکولوں کے برابر لاناہوگا جس کیلئے محکمہ تعلیم کو انتھک محنت کی ضرورت ہے اس دوران انہوں نے ضلعی آفیسران کو اسکولوں کے باقاعدہ دور ے کرنے کی تلقین کی تاکہ اسکولوں میں اساتذہ کی حاضری کو ممکن بنایا جاسکے ۔

انہوں نے محکمہ صحت کے ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق رند سے محکمہ صحت کو درپیش مسائل کے بارے میں گفتگو کی ۔ انہوں نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ضلع کیچ کے تمام آر ایچ سی کو فعال کیا جائے تاکہ دیہی علاقوں میں عوامی کو ریلیف دیا جاسکے ۔ ڈاکٹر فاروق رند نے صوبائی وزیر سے RHC کی مرمت اور وہاں پر ڈاکٹروں کو دستیاب رہائشی کوارٹر ز کے بار ے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

دریں اثناء ایکسیئن آبپاشی سمیع اللہ بلوچ نے انہیں کیچ ندی اور حفاظتی بند کو مکمل کرنے کیلئے مزید فنڈز کی فراہمی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ وزیر اطلاعات نے انہیں اپنی طر ف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے متعلقہ حکام سے بات کریں گے ۔ 

محکمہ زراعت کے ڈائریکٹر محبوب بلوچ نے صوبائی وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ میرانی ڈیم کی تعمیر سے تقریباً3200 ایکٹر اراضی کو قابل کاشت بنایا جاسکتا ہے ۔ مگر واٹر کورس کی لائننگ مکمل نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر اراضی کو قابل کاشت نہیں بنایا جاسکتا جس کی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی ہے جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ محکمہ زراعت کے صوبائی سربراہان کے ساتھ ملاقات کرکے مسئلے کا حل نکالیں گے ۔ 

تقریب کے آخرمیں صوبائی وزیر اطلاعات ظہو راحمد بلیدی نے محکمہ سوشل ویلفیئر کو معذور افراد کی رجسٹریشن کیلئے ڈپٹی کمشنر کو رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔