|

وقتِ اشاعت :   April 8 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نیشنل ہائی ویز پر آئے روز افسوسناک حادثات کے نتیجے میں انسانوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ وافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہاہے۔

کہ حکومت وقت نیشنل ہائی ویز کو دو رویے بنانے ،ایمرجنسی کی صورت میں بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے ،بڑھتی ہوئی ٹریفک ،شاہراہوں کی ٹوٹ پھوٹ کو مد نظررکھتے ہوئے نیشنل ہائی ویز پر خصوصی توجہ اور عملی اقدام اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

ان خیالات کااظہار بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری ،کوئٹہ کے ضلعی قائم مقام صدر ملک محی الدین لہڑی ،جنرل سیکرٹری آغا خالد شاہ دلسوز ،انفارمیشن سیکرٹری یونس بلوچ، مرکزی کونسلران شوکت بلوچ،ہدایت اللہ جتک ،ظفر جان نیچاری ،رحیم الدین سیاہ پاد پرمشتمل پارٹی کے وفد نے وڈھ کے مقام پر متاثر کوچ اور ڈمپر کے حادثے میں دو سگے بھائیوں جوکہ بی این پی کلی جیو یونٹ کے ممبران تھے سبزل خان مینگل ،بابل مینگل اور ان کے کزن عرفان مینگل کے انتقال پر ان کے گھر جا کر مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور تعزیت کے بعد لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ اس مشکل گھڑی میں پارٹی متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہیں اور یہ ایک دلخراش واقعہ ہیں ،انہوں نے کہاکہ نیشنل ہائی ویز پر بڑھتی ہوئی ٹریفک ،سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ ،بنیادی ضروریات کی عدم موجودگی ،گاڑیوں کی تیزرفتاری ،بروقت ریسکیو نہ ہونے کی وجہ سے عوام طرح طرح کے مسائل اور مشکلات سے دوچار ہیں جنہیں دورکرنے کیلئے حکمرانوں نے کبھی بھی سنجیدگی کے ساتھ عملی اقدام نہیں اٹھایا ہے ۔

جس کے نتیجے میں آئے روز ان شاہراہوں پرلوگوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع کا نہ روکنے والا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری وساری ہے ،غریب شہریوں کے ٹیکسوں اور ٹول ٹیکس کے نام پر اربوں روپے نیشنل ہائی ویز کو بہتر بنانے اور بروقت ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا ٹیکس جمع ہوتاہے لیکن اس کے باوجود بلوچستان کے تمام نیشنل ہائی ویز لوگوں کی جانوں کو ضائع کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

جو اس بات کی غمازی کرتاہے کہ حکمرانوں کو غریب شہریوں کی جان ومال کا ضائع ہونے پر کوئی ہمدردی اور دلچسپی نہیں ہے ،ترقی وخوشحالی کیلئے بلند وبانگ دعوے کئے جاتے ہیں لیکن آج بھی بلوچستانی عوام سفری سہولیات سے محروم ہیں ۔پسماندگی استحصال،ظلم وجبر کاایک پرانا تاریخ اپنی جگہ موجودہیں لیکن شاہراہوں پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو یہاں کی عوام کے حالات سے زار پر ترس نہیں آتی ہے ۔

اگر انہیں یہاں کے لوگوں کو قیمتی جانوں کی ضیاع پر تھوڑا بھی افسوس اور احساس ہوتا تو وہ یک کے بعد دیگرے سانحات کے بعد عملی اقدامات کرتے ہوئے نیشنل ہائی ویز کو دورویے کرتے اور ان پر ریسکیو سینٹرز قائم کرتے تاکہ کسی بھی حادثے کے متاثرہ افراد کو بروقت سہولیات فراہم کی جاسکے ۔

دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر پرنس آغا موسیٰ بلوچ ،مرکزی کمیٹی کے ممبر میر مراد مینگل ،ضلعی صدر خیر جان عمرانی ،وڈیرہ محمد رحیم مینگل ،انفارمیشن سیکرٹری محمد حنیف مینگل ،احمد نواز بلوچ ودیگر نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے بی این پی قلات کے سینئر رہنماء عبدالواحد مینگل بہو کے انتقال پر ان کے گھر جا کر مرحومہ کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور تعزیت کی ۔