|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2019

کوئٹہ:  کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں مصنوعی مہنگائی نے عوام کے ہوش اڑادیئے۔ اشیاء خورد ونوش، پھل فروٹ، سبزیاں من مانی قیمتوں میں فروخت کی جارہی ہیں، انتظامیہ خواب غفلت میں مبتلا مارکیٹوں میں سرکاری نرخنامہ بھی غائب، اندھیر نگری چوپٹ راج ۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد سرکاری سطح پر تو اشیاء مہنگی ہوگئی ہیں مگر کوئٹہ سمیت بلوچستان میں مصنوعی مہنگائی پیدا کردی گئی ہے جس سے عوام کے ہوش اڑگئے، اشیاء خوردونوش، پھل فروٹ، سبزیاں من مانی قیمتوں میں فروخت کی جارہی ہیں، مرغی، چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتوں میں اس قدر اضافہ کیا گیا ہے کہ غریب ہفتہ میں ایک بار بھی گوشت کھانے کے قابل نہیں رہاجبکہ سبزیوں کے اپنی طرف سے قیمتیں مقرر کی گئی ہیں جوکہ عوام کی دسترس باہر ہوتی جارہی ہے ، شہری پھل فروٹ لینے سے بھی رہ گئے ہیں۔

مصنوعی مہنگائی کو قابو کرنے کیلئے انتظامیہ غائب ہے سرکاری نرخنامے بعض جگہ نہیں لگائے گئے ہیں ، کاروباری طبقہ عوام کو لوٹنے میں مصروف عمل ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ صرف دعوے کررہی ہے لہٰذا وزیراعلیٰ بلوچستان خوداس کا نوٹس لیتے ہوئے مارکیٹوں کا اچانک دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیکر کارروائی کرے تاکہ عوام کو رمضان سے قبل ریلیف مل سکے۔