|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2019

کوئٹہ: پاک افغان سرحدی چمن میں بم دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور دو ایف سی اہلکاروں سمیت گیارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات کو چمن کے علاقے مال روڈ اور ٹرنچ روڈ کے سنگم پر اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے ایف سی کی گاڑی گزر رہی تھی۔ ایس ایچ او گل محمد کے مطابق دھماکے میں بائیس سالہ نوجوان جاں بحق جبکہ گیارہ افراد زخمی بھی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

زخمیوں میں دو ایف سی بھی بتائے جاتے ہیں۔پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہدا کٹھے کرنے کے بعد بتایا ہے کہ دھماکا نصب ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیاگیاجو موٹرسائیکل پر نصب تھا۔دھماکے سے تین گاڑیوں اور آٹھ موٹرسائیکلوں کے علاوہ قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔