|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2019

کوئٹہ +اسلام آباد : وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے بلوچستان میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے مسئلے پر قومی اسمبلی میں قرار داد لانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں گیس لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے مسائل پر جلد اجلاس منعقد کرکے مزید لائحہ عمل طے کیا جائیگا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعظم کے معاون خصوصی سردار یار محمد رند نے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی ، ملاقات میں بلوچستان میں پیٹرولیم ، معدنیات سمیت بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اوور بلنگ سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر سردار یارمحمد رند کا کہناتھا کہ بلوچستان میں وسیع مقدار میں معدنیات ، تیل کے وسائل موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانے سے نا صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ،اس حوالے سے بلوچستان اسمبلی میں قرار داد بھی منظور کی جاچکی ہے ،اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور مسائل کا حل وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

، بلوچستان اسمبلی نے گیس لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے مسائل پر جو قرار داد منظور کی ہے اسے قومی اسمبلی میں بھی لا یا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں گیس لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے مسائل پر جلد اجلاس منعقد کرکے مزید لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔

آنے والے دنوں میں عوام کو توانائی کے شعبے میں مزید اچھی خبریں سنائیں گے،ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے صوبے کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مزید تشستیں رکھنے اور جامعہ حکمت عملی مرتب کرنے پر بھی اتفاق کیا ۔