|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سڑک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے۔ اسسٹنٹ کمشنر مستونگ مدثراحمد کھیتران کے مطابق منگل کی صبح کوئٹہ سے ملحقہ مستونگ کے علاقے غنجہ ڈھوری کے قریب کراچی سے کوئٹہ جانے والی وین اور مخالف سمت سے آنے والے ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا جس سے چار بچوں اور دو خواتین سمیت گیارہ افراد موقع پر ہی ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوئے۔ 

مرنیوالے تمام افراد اور زخمی ہونیوالے پندرہ افراد ویگن میں سوار تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی لیویز موقع پر پہنچی۔ لاشوں اور زخمیوں کو لیویز فوس نے مستونگ کے نواب غوث بخش اور پھر سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا۔سول ہسپتال میں ایک اور زخمی دم توڑ گیا جس کے بعد مرنے والوں کی تعداد بارہ تک پہنچ گئی۔ زخمی ہونیوالوں میں پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔

لیویز کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جو افغان باشندے تھے اور کراچی میں بستے تھے۔ خاندان کے افراد کراچی سے کوئٹہ کے راستے قلعہ عبداللہ کے علاقے جنگل پیر علیزئی اپنے ایک رشتہ دارکی وفات کیلئے تعزیت پر جارہے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں بھی 13افراد کا تعلق اسی خاندان سے ہے۔ ویگن کا ڈرائیور محمد حسنین بھی حادثے میں زخمی ہوا۔ لیویز کا کہنا ہے ۔

کہ حادثہ سڑک پر بارش کے باعث پھسلن کی وجہ سے پیش آیا۔ویگن ڈرائیور تیز رفتاری کیساتھ جارہا تھا اس دوران پھسلن کی وجہ سے ویگن بے قابو ہوگئی اور سامنے سے آنیوالے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں ویگن تباہ ہوگئی۔ ٹرک کو بھی نقصان پہنچا اور اس میں سوار ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ 

جاں بحق ہونیوالوں میں 60سالہ محمد رسول ولد عبدالحکیم قوم ہوتک سکنہ کراچی، 40 سالہ خان آغا ولد گل ، ایک سالہ شمس اللہ ولد عبدالصمد، 25 سالہ شیر آغا ولد میر آغا، 50 سالہ بی بی زرکان زوجہ محمد رسول، نو سالہ سید خان ولد خان، چالیس الہ عبدالرحمان ولد نطر محمد،29 سالہ سید خان ولد گلا خان، 90 سالہ حاجی محمد خان ولد خدائے نظر، تین سالہ فرزانہ ولد عبدالصمد، ساٹھ سالہ بی بی گل زوجہ محمد ایوب، تیس سالہ عبدالصمد ولد محمد ایوب شامل ہیں۔

زخمیوں میں شاہ قادر، نازو، محمد حسنین، حاجرہ بی بی، عمر خان، فاطمہ، سنگرام، ہوتک بی بی، احمداللہ، سائقہ، گل سیمہ ، زاتون اور حضرت موسیٰ شامل ہیں۔