۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2019

کوئٹہ:  بلوچستان کے ضلع پنجگورمیں فائرنگ اور دستی بم دھماکے میں بچے سمیت چارافراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ پنجگور کے علاقے وشبود میں پیش آیا جہاں نامعلوم مسلح افراد نے عبدالمالک اور ناصر کوگولیاں مار کے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

واقعہ کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے سول اسپتال پنجگورمنتقل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوہرے قتل کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ مقتولین میں عبدالمالک کا تعلق آواران اور دوسرے کا وشبود پنجگور سے تھا۔ فائرنگ کا دوسرا واقعہ پنجگور کے علاقے تسپ میں پیش آیا جہاں عبدالمالک نامی شخص نے مبینہ طور پر لین دین کے تنازع پر فائرنگ کرکے اپنے رشتہ دار حفیظ اللہ ولد محمد اکبر کو قتل کردیا۔

ایک اور واقعہ پنجگور سے بائیس کلومیٹر دور سرادوک میں رونما ہوا جہاں تیرہ سالہ چرواہا بچے نے کھلونا سمجھ کر دستی بم اٹھالیا۔اس دوران چھیڑ چھاڑ کرنے پر دستی بم زود دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے میں شہزاد نامی چرواہا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔