|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2019

کوئٹہ: وزیراعظم سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف میں ہونے والے چھ نکاتی معاہدہ پر عملدرآمدکا جائزہ لیا گیا اور اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان کی محرومی میں کمی لانے کیلئے رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی بجٹ میں بلوچستان کیلئے زیادہ بجٹ مختص کیاجائیگا۔

اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائد سردار اختر جان مینگل ‘ سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی ‘اراکین قومی اسمبلی آغا حسن بلوچ ‘حاجی ہاشم نوتیزئی ‘ رکن بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء جہانگیر خان ترین ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد ‘ وفاقی وزراء خسرو بختیار ‘ عمر ایوب سمیت مختلف محکموں کے سیکرٹریز و اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔

اجلاس میں بی این پی کے چھ نکات پر عملدرآمد ‘ بلوچستان میں ترقیاتی سکیموں ‘ بجلی‘ سڑکوں‘ ڈیمز ‘ آبنوشی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سمیت دیگر اہم امور پر سیرحاصل بحث کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی بجٹ میں بلوچستان کیلئے زیادہ بجٹ مختص کئے جائیں گے۔ 

پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو نظر انداز ہی کیا جاتا رہا وفاقی حکومت بلوچستان کو ترجیح دے بلوچستان میں انفراسٹرکچر ‘ سڑکیں جدید طرز پر نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز قومی شاہراؤں پر حادثات رونما ہو رہے ہیں اس حوالے سے فوری اقدامات کئے جائیں اور مرحلہ وار قومی شاہراؤں کو دو رویہ کیا جائے بلوچستان میں پانی کی سطح خطرناک حد تک گر چکی ہے ڈیلے ایکشن ڈیمز کی مختلف علاقوں میں بنائے جائیں ۔

سردار اختر جان مینگل نے یہ تجویز بھی دی کہ کوئٹہ سریاب میں ریڈیو اسٹیشن کی خالی 64ایکڑ سے زائد زمین پر کینسر ہسپتال ‘سپورٹس کمپلیکس کا قیام عمل لایا جائے تاکہ کینسر ہسپتال کے قیام کا جو عوامی مطالبہ ہے وہ پورا ہو سکے ۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے کثیرفنڈز مختص کئے جائیں گے تاکہ بلوچستان کے مسائل کسی حد تک حل ہو سکیں اجلاس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کو درپیش توانائی بحران سے نکالنے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں ہزاروں ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا تاکہ زمینداروں کی کسی حد تک داد رسی ہو سکے ۔

اسی طرح بلوچستان کے مختلف گرڈ اسٹیشنز کو اپ گریڈ کیا جائے تاکہ عوام کو بجلی کے حوالے سے جو مشکلات درپیش ہیں حل ہو سکیں اجلاس میں پارٹی کے چھ نکات پر بھی غور کیا گیا پی ٹی آئی کے مرکزی قیادت اور وزراء نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

رواں پی ایس ڈی پی میں ڈیمز ‘ بجلی ‘سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کئے جائیں گے وفاق بلوچستان کو مختلف شعبوں میں ترقیاتی دینے کیلئے اقدامات کو یقینی بنائے گی۔