کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ مکران کوسٹل ہائی جیسے واقعات میں ملوث عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں، کامیاب حکومت وہ ہوتی ہے جو ملکی معاملات کو میرٹ پر آگے لیکر چلتے ہوئے عوامی مفاد کے ان موضوعات پر توجہ دے جن پر حکومتوں کی نظر کم پڑی ہیں۔
صوبائی حکومت پھولوں کی نرسریوں سے منسلک افراد کے کاروبار کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھاتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کریگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کومیٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار میں عوام کی تفریح کیلئے قائم پھولوں کے اسٹالز کا افتتاح کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء رؤف رند، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن محمد عثمان ، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن فاروق لانگو سمیت ضلع انتظامیہ کے دیگر افسران بھی موجودتھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ کوئٹہ میں نو سال بعد نرسری اور فلاور شو کا اہتمام کیا کوئٹہ میں آخری مرتبہ دو ہزار دس میں فلاور شو منعقدہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب حکومت وہ ہوتی ہے جو ملکی معاملات کو میرٹ پر آگے لیکر چلتے ہوئے عوام کیلئے تعلیم ،صحت ، روزگار کے حصول کو ممکن بناکر امن وامان کو برقرار رکھتے ہوئے ان موضوع پر توجہ دے جن پر عموماً حکمرانوں کی نظریں بہت کم پڑی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں نرسریوں سے وابستہ افراد کا عام لوگوں کے گھریلوں معاملات اور ان کی زندگیوں میں نہ صرف بہت بڑا عمل دخل ہے بلکہ پھولوں کا ذکر ہونے سے ایک مثبت اور خوشگوار ماحول کا تاثر ابھر تاہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ضلعی انتظامیہ ، کمشنرکوئٹہ وائلڈ لائف فارسٹ ڈیپارٹمنٹ اور محکمہ زراعت نے محسوس کیا کہ کوئٹہ کے شہریوں کے معلومات میں اضافہ اور تفریق کا موقع فراہم کرتے ہوئے ایک ایسا پروگرام منعقدہ کیا جائے جس میں نرسری والوں کو بلایا جائے تاکہ ان کے کاروبار میں بھی اضافہ ہو ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں نرسری کلچر کا اکنامکس نے بہت بڑا عمل دخل ہے اور اللہ تعالیٰ نے بلوچستان کو ایک ایسا موسم دیا ہے جہاں اس سرزمین پر قلا ت سے زیارت تک دنیاکا کوئی بھی پودا یا پھول آگا یاجاسکتا ہے جن کی کمرشل اہمیت بہت زیادہ ہے اور یہ ہمارے معاشرے لوگوں کے روزگار کا بہت بڑا ذریعہ بن سکتاہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں لگائے گئے اسٹالز میں کچھ ایسے پودے ہیں جن کی قیمت باہر کے ممالک میں بہت زیادہ ہے اور ان پودوں کو ہمارے نرسری والوں نے بہت ہی خوبصورت انداز میں آگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ایک بہت بڑی آمدنی زراعت سے منسلک ہے اگر ہم زراعت کو آرٹری کلچر سے منسلک کردیں تو ممکن ہے کہ کراچی اسلام آباد لاہورسمیت قریبی ممالک چائنا اور گلف میں بلوچستان زرعی اجناس اور پھول امپورٹ کرنے والی ایک بہت بڑی مارکیٹ بن سکتا ہے۔
اب کوئٹہ سے ڈائریکٹ دبئی کی فلائٹس بھی شروع ہوچکی ہیں اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نجی نرسری کے مالکان پھول آگا کر وہاں فروخت کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے لوگوں سے میری اپیل ہے کہ وہ یہاں آکر لطف اندوز ہو اور آرٹری کلچر اور فلاور انڈسٹری میں دلچسپی لیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ شہر کودوبارہ مثالی شہر بنانے کیلئے صوبائی حکومت پر عزم ہے کوئٹہ میں شہریوں کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کیلئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جہاں بھی کوئی سرکاری زمین ہوگی وہاں پارکس تعمیر کئے جائیں گے۔ تاکہ شہری خوشگوار ماحول میسر آسکے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جنرل وسیم حیات باجوہ کی جانب سے کوئٹہ اور گوادر میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے تحت رہائشی مکانات کے منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال، صوبائی وزیر میر سلیم کھوسہ، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر، مختلف صوبائی محکموں کے سیکریٹری اور اتھارٹی کے دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ڈائریکٹر جنرل نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں ہاؤسنگ سکیم کے میگا پروجیکٹ کا آغاز بلوچستان سے کیا جارہا ہے اور وزیراعظم کوئٹہ میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ منصوبے کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں وفاقی حکومت کے ملازمین، صوبائی حکومت کے ملازمین اور عوام کے لئے کم لاگت کے اپارٹمنٹس کی تعمیر شامل ہے، کوئٹہ میں کچلاک اور وحدت کالونی میں سرکاری ملازمین اورعام عوام کے لئے اپارٹمنٹس تیار کئے جائیں گے جبکہ گوادر میں سرکاری ملازمین کے لئے اور اورماڑہ میں ماہی گیروں کے لئے رہائشی اپارٹمنٹس بنائے جائیں گے جبکہ منصوبے میں تیار پلاٹ بھی دستیاب ہوں گے۔
ہاؤسنگ منصوبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے علاقے کی ضروریات کے مطابق کم قیمت اور کم وقت میں اپارٹمنٹس کی تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا، ہاؤسنگ منصوبے کو مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا اور ابتدائی طور پر وفاقی حکومت نے منصوبے کے لئے پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عوام کو بہتر رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کو اہم پیشرفت قرار دیا، انہوں نے بلوچستان میں ہاؤسنگ منصوبے سے اصولی طور پر اتفاق کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے حکام اور متعلقہ صوبائی محکموں کے سیکریٹری اجلاس منعقد کرکے منصوبے کے دیگر امور کو حتمی شکل دیں۔
انہوں نے کہا کہ اپارٹمنٹس کی تعمیر میں یہاں کے عوام کے طرز رہائش ،بلوچستان کے موسمی حالات اور ماحول کو بھی مدنظر رکھا جائے اور لوگوں کی اعتماد سازی کے لئے منصوبے کے بروقت آغاز اور مقررہ مدت کے اندر تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم 21اپریل کو کوئٹہ میں منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
ہاؤسنگ سکیم میں بلوچستان کے موسمی حالات کو مد نظر رکھا جائے ، اور ماڑہ جیسے واقعات میں ملوث عناصر کا مقابلہ کرنے کیلئے پر عزم ہیں ، جام کمال
وقتِ اشاعت : April 20 – 2019