تربت: بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی کونسل کا اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر شے نزیر احمد بلوچ اتوار کو سرکٹ ہاؤس تربت میں منعقد ہواجس کے مہمان خاص مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی تھے۔ کونسل اجلاس میں سیکرٹری رپورٹ، تنظیمی امور و علاقائی صورتحال کے ایجنڈے زیر بحث رہے ضلع کے خالی عہدوں پر تقرریاں کی گئیں ۔ کونسلران کی جانب سے اجلاس میں سوال و جواب کا نشست بھی ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی نے کہاکہ بلوچستان کی دولت لیجانے پر وفاق کو کوئی اختلاف نہیں ہے لیکن جب بلوچستان کو کچھ دینے کی بات کی جاتی ہے تو ہم پر طرح طرح کے لیبل لگائے جاتے ہیں اور ہمیں مختلف قسم کے الفا ظ سے نواز جاتا ہے اور جب صورتحال وفاق کے ہاتھ سے نکل جاتی ہے تو بلوچستان کے ساتھ زیادتیوں کا اعتراف بھی کیا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے ان زیادتیوں کا ازلہ کبھی نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ میں اس وقت بی این پی کی جتنی نمائندگی ہے اس سے بہت زیادہ ہونا چاہیے تھا لیکن کچھ قوتوں نے ہمارامینڈیٹ چرا کر بلوچستان کے عوام کو حقیقی نمائندگی سے محروم کرانے کی ناکام کوشش کی مگر اس کے باوجود ہم اپنی سیاست کو اس لیول پر رکھیں کہ ہر بلوچستانی ہمارے کاروا ن کا حصہ بنے۔بی این پی اپنے کارکنوں کے قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ایک پارٹی راتوں رات بنتی ہے صبح اس کے سنیٹر منتخب ہوتے ہیں اور پھر ایم پی اے و ایم این اے لائے جاتے ہیں اوریکایک ان کی حکومت بھی لائی جاتی ہے مگر بی این پی نے کبھی اس دروازے کو نا دستک دی اور نا کبھی دستک دے گی ہم نے ہمیشہ اپنے عوام سے رجوع کیا ہے اور عوام کے اعتماد کے بعد ان کی نمائندگی بھی کی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ عالمی صورتحال تیزی سے تبدیل ہورہی ہیں اور ایک نئی صف بندی ہورہی ہے جس سے بلوچستان خاص کر مکران خدانخواستہ نئی جنگ کا مرکز بھی بن سکتا ہے یہ بلوچ سیاسی جماعتوں اور لیڈر شپ کی زمہ داری ہے کہ وہ صورتحال کے مطابق بلوچ قوم کی رہنمائی کرکے ان کو عالمی خطرات سے محفوظ بنائیں ۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت مکمل طور پر مفلوج ہے جام کمال صرف قصوں پر گزارہ کررہے ہیں حکومت میں اتنی اخلاقی جرائت نہیں کہ وہ عوام کی ترجمانی کرے۔ بی این پی کے مرکزی پروفیشنل سیکرٹری ڈاکٹر غفور بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بی این پی بلوچستان کے عوام کی نمائندہ جماعت ہے ہم ہر طرح کی شدت پسندی کے خلاف ہیں اور کبھی بھی ترقی کے مخالف نہیں رہے لیکن کچھ قوتیں بلوچستان میں جان بوجھ کر سیاسی بیگانگی پیدا کرنا چاہتی ہیں۔
اجلاس سے بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن عبدالحمید ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لیڈرکا اپنے ورکر کے ساتھ ہمیشہ اور ہمہ وقت رابطہ ضروری ہے بی این پی کارکنوں اور بلوچ عوام کا حقیقی نگہبان ہے جو پارٹی قربانیوں کی قدر نہیں کرتا وہ ماضی کا حصہ بن جاتا ہے ۔
بی این پی کے ضلعی صدر شے نزیر احمد بلوچ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی این پی نے ہمیشہ پارٹی مفادات سے بالاتر ہو کر بلوچ عوام کی نمائندگی کرنے کی کوشش کی ہے جس کی وجہ سے ہمیں اپنے عوام کا اعتماد ملا ہے مگر کچھ قوتیں بی این پی کی عوامی نمائندگی سے خوش نہیں اور ان کے راستے میں روڑے اٹکانے کی کوشش کرتی ہیں۔
اس موقع پر بزرگ شخصیت واجہ ایوب جان گچکی ، عبدالواحد بلیدی، قاسم دشتی ، سید جان گچکی و دیگر رہنماؤں نے بھی کونسل کے اجلاس سے خطاب کیا جبکہ تحصیل تمپ کے صدر محمد خان گچکی ، تحصیل تربت کے صدر حاجی عبدالعزیز بلوچ، سنیئر نائب صدر میر قمبر بلیدی، تحصیل کلاتک کے صدر تاج بشیر رند، تحصیل دشت کے صدر عبدالواحد بلوچ، تحصیل زامران کے صدر عبدالوحید بلیدی بھی کونسل کے اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس میں ضلع کے مختلف خالی عہدوں کے لیئے عہدہ داروں کا چناؤ کیاگیا جن میں آفتاب گچکی ضلعی نائب صدر ، حاجی محمد پروفیشنل سیکرٹری اور عائشہ بی بی خواتین سیکرٹری منتخب ہوگئے۔
بلوچستان میں راتوں رات پارٹی بناکر اقتدار ان کے حوالے کیا گیا ہے ، بی این پی
وقتِ اشاعت : April 22 – 2019