کوئٹہ: وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ بلوچستان وزیراعظم کے دل کے قریب ہے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبہ میں بلوچستان میں بلوچ بھائیوں کے مطالبہ کے مطابق گھر تعمیر کئے جائیں گے۔ کچلاک میں 980گھر 45 اپار ٹمنٹس تعمیر کئے جارہے ہیں منصوبہ کو توسیع دیکر 3 سے چار ہزار کے درمیان مزید اپارٹمنٹس تعمیر ہونگے جبکہ وحدت کالونی میں 29 ایکڑاراضی پر اپارٹمنٹس کئے تعمیرجائیں گے ،گوادر میں فشرز مین کالونی کے تحت ایک لاکھ 5 ہزار گھر تعمیر کئے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ کا افتتا ح ہمارا مذاق اڑانے والے ناقدین کیلئے واضع پیغام ہے کہ اگر آپ کی قیادت دیانتدار اوراس کے ذاتی مفاد نہیں ہوں تو 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کو عملی شکل دینا بہت چھوٹا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم عمران خان نے چیلنج کو قبول کرکے اسکا مقابلہ کیا ہے۔ اسلام آباد کے فوراً بعد بلوچستان میں نیا پاکستان ہا?سنگ اسکیم منصوبے کا افتتاح وزیراعظم کی بلوچستان کے لوگوں سے محبت کی عکاسی کرتا ہے ایک کروڑ بیس لاکھ آبادی والے صوبے کے لوگوں کیلئے ایک لاکھ 10 ہزار گھروں کی تعمیر بہت بڑا موقع ہے جس سے فائدہ اٹھاکر وہ اپنے گھر کے مالک بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم منصوبے میں پاکستان کی 40 انڈسٹریز منسلک ہیں جس سے پاکستان میں نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا منصوبہ شروع ہوگا۔ منصوبہ میں اکیڈمکس میں زیر تعلیم طلباء وطالبات کی شمولیت کو یقینی بنایا جارہا ہے تاکہ ان کی آراء کو شامل کرکے سیکھنے کا موقع میسر آسکے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں غریب محکوم لوگ جن کے پاس وسائل، اپنا گھر نہیں ان کے پاس سابق حکومتوں کو بددعائیں دینے کے سواء کچھ نہیں ہے۔ تنقید ہر سیاسی جماعت کا حق ہے مگر ہماری ان سے گزارش ہے کہ جو کام کرنا چاہتا ہے اس کو کرنے دیاجائے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین کیلئے بلوچستان میں تعمیر ہونے والے گھر ملک بھر میں تعمیر ہونے والے گھروں سے ہٹ کر ہیں بلوچستان کے لوگوں کو مزید ان کے مطالبات کے مطابق گھر تعمیر کرکے دینگے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے ملک میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے وڑن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے وزارت ہاؤسنگ ، پاکستان ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور پاکستان ہا?سنگ اتھارٹی دن رات محنت کررہی ہے جس کے نتیجہ میں جو ایک سال میں ہوتا تھا وہ دو ماہ میں کرکے دیکھایا ہے۔
کچلاک میں 950گھر 45اپارٹمنٹس تعمیر کئے جارہے ہیں ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ
وقتِ اشاعت : April 22 – 2019