|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2019

گوادر: جیونی میں پانی اور بجلی کے ستائے ہوئے شہری اور خواتین سڑکوں پر نکل آئے،تحصیلدارآفس کے سامنے دھرنا دیکر احتجاج کیا،جیونی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 14گھنٹے کردی گئی شہرمیں پانی بحران کی وجہ سے عوام مشکلات کے شکار ہوگئے ہیں۔

اس سلسلے میں مظاہرین نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ جیونی شہر میں بجلی لوڈشیڈنگ نے لوگوں کو شدیدمتاثر کیا ہوا ہے روزانہ چودہ سے پندرہ گھنٹے بجلی کی بندش کی وجہ سے لوگ اب عاجز آچکے ہیں بجلی لوڈشیڈنگ اور پانی بحران کے خلاف جیونی کے شہریوں نے تحصیلداراور میونسپل کمیٹی کے آفس کا گھیراؤ کیا اور وہاں دھرنا بھی دیاہے۔

احتجاج میں زیادہ تر تعداد خواتین کی تھی جنہوں نے دھرنادیا دھرنے میں شامل مظاہرین نے کیسکو انتظامیہ اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی ہے اور کہاکہ دونوں محکموں نے ملکر جیونی میں اپنی ایک الگ حکومت بنالی ہے جسکو پوچھنے والا کوئی بھی نہیں ہے۔