۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   May 7 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ میں سیاہ کاری اور پرانی رنجش کی بناء پر خاتون سمیت تین افراد کو قتل کردیاگیا۔ پولیس کے مطابق تھانہ کیچی بیگ کے علاقے سریاب کلی مولا بخش کے رہائشی بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار ملزم حاجی محمد نے فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ تین بچوں کی ماں بی بی شمع کوقتل کردیا۔

ملزم نے بعد میں سریاب کے علاقے عوامی پمپ کے قریب فائرنگ کرکے اپنے ہمسائیہ اور دکاندار نظام الدین پنہور کو زخمی کردیا۔ انہیں سول ہسپتال پہنچایا گیا مگر منہ اور پیٹ میں دو گولیاں لگنے سے زخمی جانبر نہ ہوسکا۔ فائرنگ کے بعد سے ملزم اپنے تین بچوں کے ہمراہ فرار ہے۔خاتون کی لاش بھی سول ہسپتال کوئٹہ لائی گئی ڈاکٹر کے مطابق خاتون کو پیٹ، سینے اور ٹانگوں میں دو گولیاں ماری گئیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقامات سے ٹی ٹی پستول کے خول ملے ہیں۔ پولیس نے فنگر پرنٹس، خول اور مقتول کا موبائل ڈیٹا حاصل کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم حاجی خان بلوچستان کانسٹیبلری کمانڈنٹ ریزور میں تعینات تھا ور انتیس اپریل سے غیر حاضر تھا۔

دریں اثناء کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر رند گڑھ کے قریب سے پینتیس سالہ شخص کی لاش ملی ہے جسے تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول کی شناخت بسم اللہ ولد محمد افضل اچکزئی کے نام سے ہوئی ہے جو کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کا رہائشی تھا اور دو دن قبل گھر سے نکلنے کے بعد سے لاپتہ تھا۔ قتل کی وجہ پرانی دشمنی بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔