کوئٹہ: کوئٹہ میں مسجد کے باہر بم دھماکے میں پولیس کے چار اہلکار شہید اور ایک اہلکار سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن منی مارکیٹ میں واقع مسجد الھدیٰ کے باہر پیر کی رات اس وقت دھماکا ہوا جب نماز تراویح کے وقت پولیس کی گاڑیاں سیکورٹی کیلئے وہاں پہنچیں۔ پولیس کی گاڑیاں جیسے ہی پہنچیں تو زوردار دھماکا ہوا جس میں آر آرجی پولیس کے چار اہلکار شہید ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ دھماکے کا ہدف پولیس ہی تھی۔ زخمیوں کو پولیس کی گاڑی، ایدھی اور چھیپا کی ایمبولنسز میں نجی ہسپتال اور سول ہسپتال پہنچایا گیا۔ سول ہسپتال میں 12 زخمیوں کو ٹراما سینٹر ایمرجنسی روم لایا گیا ہے۔
ٹراما سینٹر کے ترجمان کے مطابق زخمیوں میں ایک پولیس اہلکار عقیل احمد بھی شامل ہیں جسے سر اور جسم کے مختلف حصوں میں لوہے کے ذرات لگے ہیں اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ باقی زخمی خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باقی تمام زخمی راہ گیر یا پھر نمازی ہیں۔ دھماکے کی جگہ کو پولیس،ایف سی اور دیگر سیکورٹی اداروں نے گھیرے میں لے لیا۔
سی ڈی ٹی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے موقع سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردیں۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ اور دیگر اعلیٰ پولیس اور ایف سی حکام نے دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔
ڈی آئی جی نے میڈیا کو بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹر سائیکل پر نصب بم کے ذریعے کیا گیا تاہم دن کی روشنی میں جائے وقوعہ کا دوبارہ جائزہ لینے کے بعد حتمی رائے قائم کی جاے گی۔ انہوں نے دھماکے کو سیکورٹی لیپس قرار دینے کی بات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فراہم کرنے والوں کو ہی نشانہ بنایا گیا۔
وہ نشانہ ہی اس لئے بناتے ہیں کہ ہم عوام کو تحفظ کیوں فراہم کرتے ہیں۔ہم تو اپنا کام کرتے رہیں گے اور تفتیش کے ذریعے جیسے پہلے ہم ان تک پہنچتے رہے ہیں اب بھی پہنچیں گے۔ دھماکے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کے ساتھ ملکر کی جائے گی۔
دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بتایا ہے کہ دھماکے میں 6 سے 7 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا جس سے پولیس کی دو گاڑیوں اوردو نجی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ قریب کی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ دھماکے میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل کے پرزہ جات کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
دریں اثناء سول ہسپتال میں چار پولیس اہلکاروں کی لاشیں بھی پہنچائی گئیں جن کی شناخت لسبیلہ کے رہائشی محمد اسحاق ولد خدا بخش،لسبیلہ کے رہائشی غلام نبی ولد عبدالستار، جعفرآباد کے رہائشی ذوالفقار ولد عبدالرحمان اور جعفرآباد کے رہائشی مشتاق شاہ ولد قاسم شاہ کے نام سے ہوئی۔
زخمیوں میں وارث احمد ولد علی احمد، احمد سیال ولد عبدالجبار، عبدالجبار ولد عبدالغفار، صابر حسین ولد محمد اسلم، محمد قاسم ولد حضرت نور، محمد انور ولد امان اللہ، نبیل ولد محمد ارشد، قادر ولد گلزار، انتظار علی ولد اللہ بندہ ا ور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔