کوئٹہ : بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سیکورٹی فورسز نے آپریشن میں کالعدم تنظیم کے 9دہشتگردو ں کو ہلاک کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ بارودی مواد برآمد کرلیا۔ آپریشن میں چار سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کوئٹہ سے ملحقہ ضلع مستونگ کے پہاڑی علاقے قابو اور کوہ ماران میں دہشتگرد تنظیم داعش کے کیمپ کی موجودگی کی اطلاع پر حساس اداروں، سی ٹی ڈی اور ایف سی نے آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9دہشتگرد ہلاک ہوئے۔چار سیکورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیاگیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق اس کیمپ میں دہشتگردوں کو تربیت دی جاتی تھی۔فورسز نے کیمپ کو تباہ کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کرلیا۔ اسلحہ میں دوخودکش جیکٹیں، پچاس سے ساٹھ کلو گرام دھماکا خیز مواد،بارودی سرنگیں، ٹینک شکن بارودی سرنگیں، سات کلاشنکوف، بم بنانے والے آلات شامل ہیں۔ خوراکی سامان بھی برآمد کیاگیا ہے۔ہلاک دہشتگردوں کی لاشیں شناخت کیلئے تحویل میں لیکر کوئٹہ منتقل کردی گئیں۔