|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2019

خضدار: خضدار کے علاقہ زیدی کے انتہائی غریب شخص غلام سرور کے چاربچے معذور اورخواتین بیمارہیں،نہ سن سکتے ہیں اور نہ ہی بول سکتے،ایک معذور لڑکا ذریعہ معاش کے لئے گھر سے نکلاایکسیڈنٹ کا شکار ہو کر مذید جسمانی اپاہج بن گیا۔

،غریب شخص غلام سرورمعذور بچوں اور خواتین کے ساتھ فریاد لیکر خضدار پریس کلب پہنچا،حکومت اور خداتر س لوگ اس مشکل مرحلے میں میری مدد کردیں، غلام سرور کی اپیل تفصیلات کے مطابق خضدار کے علاقہ زیدی چھبوتڑو کے رہائشی غلام سرور انتہائی غریب شخص ہے، ان کے خاندان کے کئی افراد معذور اور بیمار ہیں۔

ان کے لڑکے سلیم جان، راشد جان، بچی عابدہ اور رُقیہ خاتون جسمانی طور پرمعذور ہیں جو نہ سن سکتے ہیں اور نہ ہی بول سکتے ہیں،انتہائی غریب گھرانے کے باعث غلام سرور اپنے بچوں اورخاندان کے افراد کا علاج نہیں کراسکتاہے، جب کہ گھر میں بیمار خواتین بھی ہیں جن کے علاج کے پیسے ان کے پاس نہیں ہے۔گھر میں فاقوں کا عالم ہے، اس بے بسی، غربت اور بدحالی کی فریاد لیکر گزشتہ روز غلام سرور تمام معذور و بیمار افراد کے ہمارہ خضدار پریس کلب پہنچا۔

غلام سرور نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کے دو لڑکے ایک بچی اور گھر کا ایک خاتون نہ زبان سے بول سکتے ہیں اور نہ ہی سن سکتے ہیں،جن کے علاج کے لئے میرے پاس مطلوبہ رقم نہیں ہے، میں ایک انتہائی غریب شخص ہوں میرے گھر میں فاقوں کا عالم ہے، کھانے کے لئے خوراک تک میسر نہیں بچوں کا علاج کرانا تو درکنار بات ہے، معذورافراد کے علاوہ گھر میں بیمار خواتین بھی ہیں جن کا علاج ہونا ہے۔

میں نے گھر کی فاقہ کشی دور کرنے کے لئے ایک بار اپنے معذور بیٹے کو محنت و مزدوری کی خاطر شہر بھیجا تووہ وہاں ایکسیڈنٹ کا شکار ہوا اور مذید جسمانی طور پر اپاہج بنا گیا، چونکہ وہ سن نہیں سکتاتھااور کسی گاڑی کی ہارن انہیں سنائی نہیں دیتی تھی اور نہ ہی شہری زندگی سے وہ واقف تھا۔

اس لیئے گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوگیا، میرے گھر کے حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں، آج میں میڈیا کے سامنے فریا د لیکر اس لیئے پہنچا ہوں کہ صوبائی حکومت ہمارے حالت پر ترس کھا کر ہماری مدد کردے میرے معذور بچوں اور خواتین کا سرکاری خرچ پر علاج کرائے، اور ہماری مالی مدد کرے۔