کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستا ن جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کا ایک ایک پیسہ زمین پرلگے گا صحت،تعلیم، آبپاشی، مواصلات اور دیگر شعبوں میں بھی بدعنوانی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی صوبے میں کرپشن اور کمیشن میں واضح کمی آئی ہے۔
اپنے ایک ٹوئیٹ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ا پوزیشن جماعتوں کی پریس کانفرنس پر اپنا ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال ہے کہ کچھ لوگوں کو بجٹ لیپس ہونے کی معلومات نہیں یا پھر وہ اس معاملے کو سمجھ نہیں رہے لیپس وہ چیز ہوتی ہے جو پیسے زیادہ ہوں اور وہ استعمال نہ ہوسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ”محترم“ بلوچستان حکومت گزشتہ کئی سالوں سے خسارے کا بجٹ بنا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کرپٹ افسرا ن کے خلاف کاروائی کر رہی ہے محکمہ صحت، تعلیم،ایر ی گیشن، سی اینڈ ڈبلیو سمیت کئی محکموں میں کرپٹ افسرا ن کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک زمانہ تھا جب جب کنٹریکٹر اور ایکسیئن ترقیاتی منصوبوں کے لئے ایڈوانس پیسے مانگتے تھے، لیکن اب وہ کہتے ہیں کہ ہم کام کرلیں پھر بل وصول کریں گے، یہ ایک مثبت تبدیلی کی جانب اہم پیشرفت ہے۔انشاء اللہ بلوچستان کا ایک ایک پیسہ زمین پر لگے گا۔