|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2019

کوئٹہ ; کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحادنے ملازمین کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں جمعہ سے کوئٹہ شہر میں صفائی بند کرنے کا اعلان کردیا۔

کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد کے زیراہتمام ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف حضرت خان کی قیادت میں ریلی نکالی اور ایڈمنسٹریٹر کے دفتر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر مظاہرین سے حضرت خان، نصیب اللہ کاکڑ، ندیم کھوکھر، تنویر اسلم، بشیر احمد اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں اور انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں اور نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے، مگر حکام بالا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین دن رات شہر کی صفائی میں مصروف ہیں، مگر انہیں معاوضہ کی ادائیگی نہیں کی جارہی ہے جو قابل افسوس ہے اور ملازمین مجبوری کی حالت میں بابرکت مہینے میں احتجاج کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن تنظیمی اتحاد نے اپنا اجلاس کل طلب کرلیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اگر فوری طور پر تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں تو جمعہ سے کوئٹہ شہر میں صفائی بند کردی جائے گی۔ انہوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے عملے کو فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنایاجائے۔