کوئٹہ : بلوچستان کے ممتاز علماء و مشائخ نے بدعنوانی کے عفریت کے خلاف ممبر و محراب سے بھرپور تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں سزا و جزا اور انصاف کے تقاضوں کی تکمیل سے کرپشن کے خاتمے کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ کرپشن کے محرکات،اسباب اور روک تھام کے موضوع پر مدارس کے طلباء سے تحقیقی آرٹیکل لکھوائے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر نیب بلوچستان زاہد شیخ کی صدارت میں ہونے والے علماء کانفرنس سے ممتاز عالم دین مفتی سیف الرحمان، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قاری عبد الرشید،مولانا عبدالرو ف،مولانا محمد مدثر،مولاناسید محمد عثمان،مفتی سنزرسعید،مولانا عصمت سالم، مولانا شعیب احمد، مولانا مختیار حبیبی،مفتی فہیم الدین،صوفی سلیمان نقشبندی و دیگر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹرز نیب،آفاق احمد فیصل قریشی، محمد طارق، احتشام الحق، ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد بھی اس موقع پر موجو د تھے۔بلوچستان کے ممتاز علماو مشائخ نے قومی احتساب بیورو کے شانہ بشانہ کرپشن کے خاتمے کے لئے موثر جدوجہد کی یقین دہانی کراتے ہوئے میڈیا کے پلیٹ فارم سے بد عنوانی کے تدارک کے لئے باہمی مشاورت سے قابل عمل بیانیہ تیار کرنے پر اتفاق رائے ہوا۔ نیب عصری طلباکے ساتھ ساتھ دینی طلبا کے لئے بھی آگاہی کے پروگرامز کا انعقاد کرے گا۔اس موقع پر علماء ومشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشن نے نہ صرف معاشرے کی بنیاد یں کمزور کر دی ہیں بلکہ اس ناسور نے اسلامی تشخص بھی داغدار کر دیا ہے۔
کرپشن کا خاتمہ صرف قومی احتساب بیورو کی ذمہ داری نہیں اس کے لئے معاشرے کے تما م طبقات کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔دینی طبقہ کرپشن کے تدارک کی مہم میں نیب کے ساتھ ہے، منبر و محراب سے اس موذی مرض کے خلاف بھر پور تحریک چلائی جائیگی۔
مدارس میں کرپشن کے محرکات،اسباب اور اس سے مکمل نجات کے موضوع پر طلباء سے تحقیقی آرٹیکل لکھوانے کا اہتمام کیا جائے گا، مدارس طلباء کی ذہن سازی کے لئے نیب کے ساتھ ملک خصوصی تربیتی پروگرامز کا انعقاد کروائیں گے۔ علماء اپنی تقاریر اور دینی مجلسوں میں کرپشن کے مضمرات اور اس کے آنے والی نسلوں پر پڑنے والے وبال کے بارے میں لوگوں کو متنبہ کریں گے۔
نئی نسل کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، سیرت نبی کے تمام پہلو´وں کو عوام کے سامنے تفصیل سے پیش کیا جائے گا تاکہ حضور کی ا سوہ حسنہ کو مشعل راہ بناتے ہوئے کرپشن سمیت تمام معاشرتی برائیوں سے معاشرے کو پاک کی جا سکے۔
علماء نے اپنے خطاب میں اس امر کا اعادہ کیا کہ عوام کو بتایا جائے گا کہ بھوک افلاس سمیت ہر حا ل میں حضور کی سیرت ہمارے لئے نمونہ ہو،فکر آخرت اور خوف خدا کا جذبہ پیدا کر کے دنیاوی چیزوں کی حرص و لالچ کے سامنے بند باندھے جائیں گے، انھوں نے کہا سزا و جزا اور انصاف کے تقاضوں کی تکمیل سے کرپشن کے خاتمے کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
قبل ازیں ڈائریکٹر نیب زاہد شیخ نے علماء و مشائخ کی جانب سے کرپشن کے خاتمے کے حوالے سے دی گئی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومی احتساب بیورو ان تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گا، انھوں نے کہا نیب علماء کی مشاورت سے شعور و آگاہی پروگرامز کو مزید وسعت دے گا۔
انھوں نے کانفرنس کے شرکاء کی جانب سے حوصلہ افزاء تجاویز کو نیب کے لئے مشعل ِراہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوی احتساب بیورو علماء دین کے ساتھ ملک کر کرپشن کے خلاف مہم اسی جذبے سے جاری رکھے گا۔