کوئٹہ: کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)پشین سرکل کے خانوزئی سب ڈویژن کی جانب سے گزشتہ روز نادہندگان اوربجلی چوروں کے خلاف کاروائی کے دوران برقی کنکشنز منقطع کرنے کے علاوہ غیرقانونی ٹرانسفارمرزاُتارے گئے جس پرپچاس افرادسے زائد مشتعل نادہندگان اور بجلی چوروں نے خانوزئی سب ڈویژن کے دفترپر حملہ کیااور انہوں نے ایس ڈی او خانوزئی سب ڈویژن قاضی امان اللہ اوردیگراسٹاف کو زدوکوب کیااور دفترمیں توڑ پھوڑ کرتے ہوئے ایس ڈی او اور کیسکوعملہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
اس دوران مشتعل نادہندگان اور بجلی چوروں نے وہاں پرموجود لیویز اہلکاروں سے بھی لڑپڑے اور کیسکواسٹاف تاج محمد،لائن مین اور حفیظ اللہ میٹرریڈرپربھی حملہ آورہوئے اورتوڑپھوڑکرتے ہوئے کار سرکارمیں مداخلت کی۔کیسکونے مذکورہ واقعہ کی ایف آئی آر کے اندراج کیلئے تحصیلدارکاریزات خانوزئی کو تحریری طورپر درخواست دے دیاہے۔
دریں اثناء کیسکوانجینئرزوآفیسرزایسوسی ایشن کے صدرمیرمجیب الرحمن مری، جنرل سیکریٹری محمدنظام اچکزئی اور ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں نے کیسکوخانوزئی سب ڈویژن کے ایس ڈی او اوراسٹاف پر حملہ کرنے کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور کیسکوانتظامیہ سے مذکورہ واقعہ میں ملوث افرادکی فوری طورپر گرفتاری کامطالبہ کیا۔
انہوں نے کہاکہ آئے روز کیسکوافسران اور ملازمین کو دوران ڈیوٹی بااثر بجلی چوراور نادہندگان کی طرف سے شدیددباؤ کاسامنارہتاہے جس کی وجہ سے وہ ذہنی کوفت کاشکارہوتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کیسکوکے افسران اور ملازمین کے تحفظ کے لئے صوبائی حکومت اقدامات اُٹھائیں اور تمام آفیسرزاور ملازمین کو دوران ڈیوٹی تحفظ فراہم کیاجائے بصورت دیگر ایسوسی ایشن احتجاج کاحق محفوظ رکھتی ہے۔