کو ئٹہ : ملک میں ڈبل شاہ نوعیت کا دھوکہ دہی کا ایک اور بڑا کیس سامنے آگیا۔ کوئٹہ میں نجی کمپنی کا مالک شہریوں کے اربوں روپے لوٹ کر فرار ہو گیا۔ملزم کاشف قمر کے خلاف تھانہ جناح ٹاؤن میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم کاشف قمر نے تین سال قبل کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان تھری الائنس کے نام سے دفاتر قائم کئے جہاں شہریوں سے پیسہ لیکر موٹر سائیکلوں کا کاروبار کیا جا رہا تھا۔شہریوں کو ہر ایک موٹر سائیکل خریدنے کے بدلے ہر پینتیس دن بعد ساڑھے پانچ ہزار روپے سے زائد کا منافع دیا جاتا تھا۔
اس طرح ہزاروں شہری اس جھانسے میں آگئے اور چند ماہ تک منافع بھی وصول کیا مگر چند ماہ بعد ہی دھوکہ دہی سے متعلق شکایات سامنے آنا شروع ہوگئیں۔ 28 مارچ کو سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے شہریوں سے بغیر اجازت سرمایہ لیکر کاروبار کرنے پر تھری الائنس کمپنی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پابندی عائد کر دی اورکاروبار کی وضاحت طلب کی ساتھ ہی شہریوں کو سرمایہ لگانے سے منع کیا۔
کمپنی نے نام تبدیل کرکے بولان موٹرز کے نام سے کاروبار جاری رکھا اس پر ایس ای سی پی نے 8 اپریل کو دوسرا نوٹس جاری کیا تاہم ک کمپنی انتظامیہ وضاحت نہ دے سکی۔شہریوں کی شکایت کے بعد کوئٹہ کے جناح ٹاؤن پولیس نے کمپنی کے مرکزی دفتر پر چھاپہ مارا اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم کاشف قمر گزشتہ روز اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک فرار ہو گیا۔ جناح ٹاؤن اور شہر کے چھ مختلف مقامات پر واقع دفاتر کے باہر سینکڑوں شہری جمع ہوگئے ان کے مطابق ان کے لاکھوں کروڑوں روپے ڈوب گئے۔
زندگی بھر کی جمع پونجی لٹنے پر پریشان شہریوں نے حکومت سے رقم واپس دلوانے کا مطالبہ کیا۔سیکورٹی ایکسچینج اینڈ کمپنیز کمیشن کے ترجمان کے مطابق شہریوں کو پہلے ہی خبردار کردیا گیا تھا مگر انہوں نے لالچ میں آکر اپنی جمع پونجی ڈبودی ہے۔ ترجمان کے مطابق کیس نیب اور ایف آئی اے کو بھجوایا جا چکا ہے جبکہ متاثرین کو شواہد اور تفصیلات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ملزمان کے خلاف مزید کارروائی کی جا سکے۔