کوئٹہ: کوئٹہ میں امام بارگاہ پر خودکش حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ خودکش حملہ آورکو پھٹنے سے پہلے گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔ تفصیل کے مطابق جمعرات کو مغرب کے وقت کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر واقع امام بارگاہ ناصر العزامیں ایک خودکش حملہ آور نے داخل ہونے کی کوشش کی۔
مرکزی دروازے پر پولیس کی جانب سے روکے جانے پر خاتون کا لباس اور برقعہ پہنے حملہ آور نے خود کو اڑانے کی کوشش کی تاہم خوش قسمتی سے خودکش جیکٹ پھٹ نہ سکی۔ حملہ آور کے ہاتھ میں موجود ڈیٹونیٹر پھٹ گیا جس سے حملہ آور اور دروازے پر تعینات پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے کے بعد ملزم نے فرار ہونے کی کوشش کی جس پر پولیس نے اس کا پیچھا گیا۔
اس دوران اطلاع ملنے پر پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور زخمی خودکش حملہ آور کو گھیرے میں لے کر علاقے کو خالی کرالیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا۔خودکش حملہ آور اس دوران حرکت کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ آدھے گھنٹے کی کوشش کے بعد پولیس نے ملزم کو جسم کے اوپری حصے میں گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ملزم کے سینے سے بندھی خودکش جیکٹ ناکارہ بنادی گئی۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مغرب کی نماز کے وقت خودکش نے امام بارگاہ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی اور اس نے اپنے آپ کو چھپانے کیلئے عورتوں کا لباس پہن رکھا تھا۔
دروازے پر روکے جانے پر ملزم نے خودکو اڑانے کی کوشش کی تاہم وہ پھٹ نہ سکی اور اس کے ہاتھ میں موجود دستی بم پھٹ گیا جس سے سپاہی زخمی ہوگیا اس کے بعد اس نے حملہ آور کا پیچھا کیا۔ پولیس اہلکار کی فائرنگ سے یہ ملزم زخمی ہوگیا۔
امام بارگاہ کی سیکورٹی کی جانب سے ہمیں اطلاع ملی جس پر ہم نے بی ڈی ٹیم بھیجی۔ بی ڈی ٹیم نے بڑی احتیاط کی کیونکہ ملزم زندہ تھا۔ احتیاط سے کام لیتے ہوئے اے پی سی کے ذریعے ملزم کے قریب گئے تو وہ ہلاک ہوچکا تھا۔
انہوں نے زخمی پولیس اہلکار کی بہادری کو سراہا اور کہا کہ پولیس اہلکار انعام بھی دیا جائیگا۔ انہوں نے امام بارگاہ کی انتظامیہ کی احتیاطی تدابیر کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں کئی دنوں سے خودکش حملہ آور کے داخل ہونے کی اطلاع تھی۔
یہ اطلاع نہیں تھی کہ اس امام بارگاہ پر حملہ ہوگا مگر خودکش کی موجودگی کی اطلاع پر شہر میں سیکورٹی انتظامات سخت کردیئے گئے تھے۔ پولیس اور ایف سی شہر میں مکمل الرٹ تھی اسی نکتہ نظر کے پیش نظر پولیس اور ایف سی کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک نہیں بلکہ دو خودکش حملہ آوروں کی اطلاع تھی۔ ڈی آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ مغرب کے وقت میکانگی روڈ پر رش نہیں تھا اس وجہ سے حملہ آور کا تعاقب کرنا اور انہیں مارنا آسان ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے۔
ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ نے کہا کہ کوئٹہ میں جمعتہ الوداع اور یوم القدس پر بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ سیکورٹی خدشات کے پیش نظر یوم القدس پر ہر قسم کے جلسے جلوس اور ریلیوں کے انعقاد پر پابندی لگائی گئی ہے اور سب کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر انہوں نے اپنا کوئی نکتہ نظر بیان کرنا ہے تو وہ مساجد اور چار دیواری کے اندر کریں۔