|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2019

کوئٹہ :  بی ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین اور حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب مطالبات منظور ہونے پر ملازمین نے گزشتہ 10 روز سے جاری بھوک ہڑتال ختم کردی صوبائی وزیر زراعت زمرک اچکزئی اور آغا عمر احمد زئی نے ملازمین کے ہمراہ روزہ افطار کیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء آغا عمر احمدزئی،وزیراعلیٰ کے معاون بلال کاکڑ اورانجینئر عادل نصیر،عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء رشید خان ناصر نے 10 روز سے مطالبات کی منظوری کیلئے تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ملازمین سے ہڑتال ختم کرانے کیلئے مذاکرات کئے حکومتی وفد نے بی ڈی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر ہڑتالی ملازمین نے بھوک ہڑتال ختم کرنے کی حامی بھرلی اور حکومتی وفد نے انہیں جوس پلاکر ہڑتال ختم کرایا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ ملازمین کے بقایاجات جلد اد ا کرکے ان کی مستقلی کا فیصلہ بی ڈی اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ ہڑتالی ملازمین کا حق ہے کہ ان کو مستقل کیا جائے اور حکومت نے مطالبات منظور کرکے ملازمین کو عید کا تحفہ دیا ہے اب یہ ملازمین عید الفطر بھوک ہڑتالی کیمپ کی بجائے اپنے بچوں کیساتھ ہنسی خوشی منائیں گے۔