|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2019

تربت : صوبائی وزیر خزانہ و اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ تربت میں پولی ٹیکنیک انسٹی ٹیوٹ کو اپ گریڈ کرکے بی ٹیک کا درجہ دے رہے ہیں اور نرسنگ اسکول تربت کو نرسنگ کالج کا درجہ دیا جارہاہے، کیچ کے تمام عوامی مسائل کا بخوبی ادارک ہے اور اہم مسائل کو حل کرانے کے لیئے موجودہ بجٹ میں کام کرینگے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ میں کیچ سول سوسائٹی کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

کیچ سول سوسائٹی کے وفد نے کنوینر کے سی ایس عومر ھوت کی قیادت میں گزشتہ روز صوبائی وزیر خزانہ و اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی سے ان کی رہائش گاہ میں ملاقات کرتے ہوئے کیچ کے اہم سماجی مسائل اور پبلک سیکٹر ڈولپمنٹ پروگرام سے متعلق گفتگو ان سے بات چیت کی۔

وفد میں کے سی ایس کے انفارمیشن سیکرٹری التاز سخی، کابینہ کے ارکان غلام اعظم دشتی، مہراب بلوچ اور رستم گچکی شامل تھے۔انہوں نے صوبائی وزیرخزانہ و اطلاعات میر ظہور احمد بلیدی سے موجودہ پی ایس ڈی پی میں کیچ کے عوام کی ترجیحات کو شامل کرانے کی درخواست پیش کی جسے کیچ سول سوسائٹی کی ٹیم نے محنت اور ریسرچ کر کے تیار کیاتھا۔

ان مسائل میں کیچ میں بجلی کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے ایک میگا پروجیکٹ کے ذریعے کیچ کے تمام دیہی علاقوں کو شمسی نظام پر منتقل کرنے، سوشل ڈیولپمنٹ سیکٹر کو بحران سے نکالنے کے لیے ڈونر زکانفرنس کا اہتمام کرنے،شہر میں قبرستان کی کمی پورا کرنے کے لیے آبادی سے کچھ فاصلے پر شہرخاموشان آباد کرانے، میت بس مہیا کرانے، سول ڈیفنس اور ٹریفک کے محکموں سمیت تربت بورڈ اور اے جی آفس کا قیام شامل ہیں۔

صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی نے کیچ سول سائٹی کے وفد کو بتایاکہ ان کی ترجیحات میں کیچ کے تمام کرونک مسائل شامل ہیں جن کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کیچ سول سوسائٹی کی طرف سے دی گئی تمام مشوروں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرکے اسی پی ایس ڈی پی میں شامل کرینگے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرانی ڈیم کے چینل کا کام سو فیصد مکمل کر ا ئینگے تا کہ عوام کو اس سے فائدہ ملے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولی ٹیکنیک انسٹیٹوٹ کو اپ گریڈ کرکے بی ٹیک کا درجہ دے رہے ہیں اور نرسنگ اسکول کو نرسنگ کالج کا درجہ دیا جارہاہے۔کیچ سول سوسائٹی کی جانب سے ظہور احمد بلیدی کی وژن کو کیچ کے عوام کی بہتری کے لیے مشعل کہتے ہوئے کہا گیا کہ ظہور احمد بلیدی ایم پی اے بننے سے پہلے بھی کیچ سول سوسائٹی کے گروپ ممبررہے ہیں اور اپنا ایک اہم اور فعال کردار اداکیا ہے۔

ان کی کیچ سول سو سائٹی سے وابستگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور کیچ سول سوسائٹی صوبائی وزیر میر ظہور احمد بلیدی کا شکرگزار ہے جنہوں نے کیچ کے مندرجہ بالا سمیت دیگر مسائل حل کرنے سے متعلق اتفاق کیا۔