کوئٹہ : قومی احتساب بیورو(نیب) بلوچستان نے کارروائی کرتے ہوئے سابق چیئرمین بلوچستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے)انور سادات کے فرنٹ مین کوخضدار سے گرفتارکرلیاہے۔
ملزم نہ صرف سابق چیئرمین کی متعدد کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں کا بے نامی دار تھا بلکہ ملزم نے اپنے پانچ سے زائد بینک اکانٹس میں چئیرمین کے لئے پچیس کروڑ روپے سے زائد رشوت کی مد میں رقم بھی وصول کی، نیب نے ملزم کا چار روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا۔
ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ کی انٹیلی جینس ٹیم کو تمام مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایات کی نیب انٹیلی جینس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے لائحہ عمل تیار کر لیا۔
نیب بلوچستان نے سابق چیئرمین بی ڈی اے انور سادات غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں اہم پیشرفت کرتے ہوئے سابق چیئرمین بی ڈی اے کے فرنٹ مین خادم حسین کو خضدار سے گرفتار کرلیا ہے،ملزم خادم حسین نیب کو کرپشن کے دو مختلف کیسیز میں مطلوب تھا۔
ملزم نے سابق چیئرمین کے فرنٹ مین کے طور پر سادات انور کے پانچ سے زائد بینک اکانٹس اور کروڑوں روپے مالیت کی متعدد جائیدادیں اپنے نام بنا رکھی تھیں۔نیب کی سابق چیئرمین بی ڈی اے کیخلاف تحقیقات کے مطابق ملزم خادم حسین کے بینک اکانٹس میں سابق چیئرمین کی 25 کروڑ سے زائد رشوت کی رقم منتقل ہوئی۔
ملزم نے سابق ایکسین محکمہ صنعت و حرفت عدیل انور کے اختیارات کا غلط استعمال کیس میں ٹھیکدار عبدالصبور سے تقریبا ایک کروڑ رشوت کے طور پر بھی وصول کیے۔
خادم حسین نیب کو 2015سے مطلوب تھا جو سادات انور کے کہنے پر مفرور تھا، ملزم خادم حسین کی حالیہ گرفتاری سے سادات انور کی مزید غیر قانونی جائیدادوں کا سرا ملنے کا قوی امکان ہے۔
نیب نے ملزم کو خضدار سے گرفتار کرکے مجسٹریٹ سے چار روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں ڈی جی نیب بلوچستان فرمان اللہ نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا اعادہ کرتے ہوئے مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوششیں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، ڈی جی نیب کے احکامات کی روشنی میں نیب انٹیلی جینس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے لاۂ عمل تیار کر لیا ہے۔