|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2019

لندن: ورلڈکپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈ کو 64 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا۔

کرکٹ کے ’گھر‘ لارڈز کے تاریخی میدان میں آسٹریلیا کے 286 رنز کے جواب میں ہوم ٹیم 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، آسٹریلیا کے فاسٹ بولنگ اٹیک کے سامنےانگلش بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہوگئی، پیسربہرینڈرف اور مچل اسٹارک نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے انگلش بیٹنگ لائن  کے پرخچے اڑا دیے، رواں ورلڈکپ میں ریکارڈ ہدف دینے والی انگلش ٹیم کے 6 پلیئرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے۔

فاسٹ بولربہرینڈرف نے پہلے ہی اوور میں اوپنر ونس کو صفر پر بولڈ کر دیا جب کہ 15 کے مجموعے پر جوئے روٹ  کو مچل اسٹارک نے چلتا کیا، 26 کے مجموعی اسکور پر کپتان مورگن کو بھی اسٹارک نے پویلین کی راہ دکھا دی، وہ صرف 4 رنز ہی بنا سکے، جس کے بعد بیرسٹو بھی 27 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے، 53 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد بین اسٹوکس اور بٹلر نے پانچویں وکٹ پر 71 رنز جوڑے تاہم بٹلر 25 رنز بنا کر بین اسٹوکس کا ساتھ چھوڑ گئے اور یوں 124 کے مجموعے پر آدھی انگلش ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

انگلینڈ کی تمام امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب ایک اینڈ پر ڈٹے ہوئے بین اسٹوکس 89 رنز پر بولڈ ہوگئے، ان کے آؤٹ ہوتے ہیں وکٹیں گرنے کی لائن لگ گئی اور پوری ٹیم 45 ویں اوور میں 221 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کرس ووکس 26، معین علی 6،عبدالرشید 25 اور آرچر ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جیسن بہرین ڈوف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مچل اسٹارک نے 4 اور اسٹوئنس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیوڈ وارنر اور ایرون فنچ نے پراعتماد انداز میں کیا، دونوں اوپنرز نے 123 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد وارنر 53 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے عثمان خواجہ صرف 23 رنز ہی بناسکے اور آؤٹ ہوگئے تاہم آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے شانداز کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچری مکمل کی، ایرون فنچ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ نے آسٹریلوی بلے بازوں کو زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہنے دیا، آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ اور الیکس کیرے نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم اسمتھ 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ الیکس کیرے نے ناقابل شکست 38 رنز بنائے۔

انگلش بولرز نے اننگز کے آخری 15 اوورز میں زبردست بولنگ کا مظاہرہ کیا جس کی بدولت آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 285 رنز ہی بناسکی۔

واضح رہے کہ آج کا میچ نہ صرف انگلینڈ بلکہ قومی ٹیم کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل تھا، انگلینڈ کی ہار کی صورت میں پاکستانی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات مزید روشن ہوگئے ہیں، انگلینڈ کے8 پوائنٹس ہیں اور ایونٹ میں 2میچز باقی ہیں، انگلینڈ کو بھارت اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ کرنا ہے اور سیمی فائنل میں پہنچنے کیلیےانگلینڈ کودونوں میچز جیتنا ہوں گے۔

پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنےکیلیے بقیہ تینوں میچز جیتنے ہوں گے اگر پاکستان تینوں میچز جیتاتو انگلینڈ کی ایک اور شکست کا فائدہ پاکستان کو ہوگا، سری لنکا اور بنگلادیش بھی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہیں۔