|

وقتِ اشاعت :   June 26 – 2019

کوئٹہ: معاون خصوصی وزیر اعظم پاکستان، پارلیمانی سربراہ بلوچستان اسمبلی سردار یار محمد رند نے کہاہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا بلوچستان میں 3 گھنٹے بجلی لوڈشیڈنگ کی مد میں ریلیف فراہم کرنا ہمارے وعدوں کی تکمیل ہے بلوچستان کی عوام سے کئے گئے۔

تمام وعدوں کو پورا کرنے کے لئیے اپنی تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لاں گا بلوچستان کے حقوق کے لئے اور بلوچستان کی محرومیاں ختم کرنے کے لئے ہر فورم پر عوام کی آواز بنوں گا بلوچستان کی عوام نے ہم پر جو بھروسہ کیا ہے انشا اللہ بلوچستان کی عوام کو مایوس نہیں کریں گے مجھے صوبے میں وزارت پانی و بجلی سے متعلق ذمہ داری دی گئی ہے اسے احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپور کوشیش کررہے ہیں۔

بلوچستان میں بجلی لوڈ شیڈنگ ریلیف سے متعلق وزیر اعظم اور وفاقی وزیر پانی و بجلی سے ملاقات میں درخواست کی تھی کہ بلوچستان کی عوام کو ریلیف دیا جائے اور اس سلسلے میں وفاقی سیکرٹری پانی و بجلی سے بھی ملاقات مستفید رہی تھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر پانی و بجلی عمر ایوب کا شکر گزارہوں کہ انہوں نے اس فیصلے سے بلوچستان کی عوام کو گرم موسم میں بہترین ریلیف فراہم کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکہ سے پارٹی قیادت سے ٹیلیفونک گفتگو میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کے لئے فورآ فنڈز فراہم کرے اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لئے حالیہ پی ایس ڈی پی میں فورا فنڈز کا اجرا کرے ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب سے شوران، بھاگ، گنداوہ، اور نصیر آباد میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس کی وجہ سے زراعت سمیت مال مویشی کا بھی بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔

اس نقصان اور سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے اب تک علاقے کی عوام پر قیامت صغری کی کیفیت ہے صوبائی حکومت فوری طور پر علاقے میں آباد کاری کے لئیے سنجیدہ اقدامات کرے اس حوالے سے متعدد بار وزیر اعلی اور دیگر حکام کو بھی سنجیدگی سے نوٹس لینے کا کہا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی خدمت کے لئے اور بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے کے لئے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھوں گا پاکستان تحریک انصاف عوام سے کئے گئے اپنے تمام وعدے پورے کریں گی۔