کوئٹہ: بلو چستان نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر سینیٹر جہانزیب نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کے آئینی اور قانونی حقوق کو مقدم رکھا ہے اگر ہمارے مطالبات پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو آئندہ ہمارے اور حکومت کے راستے الگ ہوں گے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی نے بلوچستان کی حقوق کیلئے پہلے بھی جدوجہد کی اور آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھیں گے لاپتہ افراد کی بازیابی کے حوالے سے جلد خوشخبری سنیں گے بلوچستان نیشنل پارٹی چاہیے اپوزیشن میں ہو یا حکومت میں ہمیشہ بلوچستان کے عوا م کے مفادات کی بات کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بات صرف بجٹ پاس کروانے کی نہیں ہے اگلے سال پھر بجٹ پیش کیا جائے گا۔ تبدیلیاں بھی آئیں گی لیکن میں واضح طور پر کہتا ہوں کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات پورے نہ کیے تو ظاہر ہے پھر ہمارے راستے الگ ہوں گے اس معاہدے پر پورے سال کے دوران کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا اب رواں ہفتے کے دوران وفاقی حکومت اور بی این پی کے رہنماؤں کے درمیان ایک بار پھر معاہدہ ہوا ہے۔
جس کے تحت پارلیمنٹ کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی کے ارکان بلوچستان آئیں گے اور صوبے کے مسائل کا جائزہ لے کر رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کریں گے یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے درمیان ایک معاہدہ ہوا تھا جس میں جبری طور پر لاپتہ کیے گئے افراد کی بازیابی اور بلوچستان سے افغان مہاجرین کا ا نخلا اولین نکات تھے۔