برمنگھم: کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں انگلینڈ نے اب تک کی ناقابل شکست بھارت کو پچھاڑ کر اپنے سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھا ہے جب کہ انگلش ٹیم کی اس فتح نے پاکستان کی فائنل فور میں رسائی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
برمنگھم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں انگلینڈ کے 338 رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 306 رنز ہی بنا سکی اور 31 رنز سے شکست کھا گئی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز اچھا نہ تھا اور صرف 8 کے مجموعی اسکور پر راہول صفر پر پویلین لوٹ گئے، ابتدائی نقصان کے بعد کپتان کوہلی نے روہت شرمان نے محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور 138 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم ویرات کوہلی 146 کے مجوعے پر چلتے بنے، انہوں نے 66 رنز بنائے۔
اس سے قبل انگلینڈ نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تومیزبان ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیئراسٹو اور جیسن رائے نے کیا، دونوں اوپنرز نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 160 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی جس کے بعد جیسن رائے 66 رنز بنا کر کلدیپ یادیو کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اوپننگ کے لیے آنے والے جونی بیراسٹو نے شاندار اننگز کا مظاہرہ کیا اور سنچری اسکور کرتے ہوئے 111 رنز بنائے، انہیں محمد شامی نے آؤٹ کیا جب کہ کپتان این مورگن صرف ایک رن بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔
ون ڈاؤن آنے والے جوئے روٹ نے بین اسٹوک کے ساتھ مل کر 70 رنز کی شراکت بنائی تاہم روٹ 44 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بین اسٹوک نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، بین اسٹوک نے 54 گیندوں پر 79 رنز بنائے جس کی بدولت انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بناسکی۔
انگلینڈ نے ایونٹ میں اب تک 7 میچز کھیلے ہیں جس میں سے 4 میں کامیابی جب کہ 3 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ بھارت ایونٹ میں ابھی تک 6 میچز کے ساتھ ناقابل شکست ہے۔
آج کا میچ پاکستان کے لیے ابھی اہمیت کا حامل ہے، انگلینڈ کی شکست کی صورت میں قومی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی کے مزید قریب پہنچ جائے گی تاہم بھارت کی شکست کی صورت میں پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے انگلینڈ کو نیوزلینڈ سے لازمی ہارنا ہوگا۔