|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2019

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روک دی،جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائے گا۔

گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد کیس کی سماعت کر کے فیصلہ کردیں گے۔جمہوری وطن پارٹی کے رہنما شاہ زین بگٹی کی درخواست پرجسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس گلزار احمد نے پوچھا کیا یہ کیس دو ممبر بنچ سن سکتا ہے؟سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن ممعاملات تین ممبر بنچ ہی سن سکتا ہے۔ درخواست گزار نے تو انتخابات پر بہت الزامات لگائے ہیں۔ کیا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ری پولنگ ہو سکتی ہے؟مخالف فریق طارق کھتران کے وکیل عامر رانا نے کہا کہ 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کیلئے شیڈول جاری ہو چکا ہے،آئندہ ہفتے میں پولنگ ہونی ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کیا آپ چاہتے ہیں درخواست غیر موثر ہو جائے؟شاہ زین بگٹی کے وکیل حامد خان نے استدعا کی کہ عدالت شاہ زین بگٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بحال کرے۔ بحالی نہ ہوئی تو حلقہ نمائندگی کے بغیر رہ جائے گا۔ 1221 ووٹوں کی شاہ زین بگٹی کی لیڈ ہے۔مخالف کی بات مان بھی لی جائے تو بھی سو ووٹوں کی لیڈ رہ جاتی ہے۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا شاہ زین بگٹی کو بحال کیا تو پھر یہ کیس چل نہیں پائے گا، گرمیوں کی چھٹیوں کے فوری بعد کیس کی سماعت کر کے فیصلہ کردیں گے۔عدالت نے این اے 259 ڈیرہ بگٹی میں 29 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ روکنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔