کوئٹہ: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی گندے پانی سے کاشت کی جانے والی سبزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر دوسرے مرحلے میں منگل کے روز بی ایف اے کی آپریشنل ٹیم نے کارروائی کے دوران بڑی اراضی پر کاشت کی گئیں مختلف سبزیاں ہل چلاکر تلف کردیں۔
پہلے مرحلے میں اسپنی روڈ، سبزل روڈ، جان محمد روڈ سمیت دیگر نواحی علاقوں میں سیوریج کے پانی سے کاشت کی گئیں سبزیوں کو تلف کیا گیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے میجر (ر) بشیر احمد کی سر براہی میں فوڈ سیفٹی اورویجیلینس ٹیم کوئٹہ شہر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بلا امتیاز کریک ڈاؤن کر رہی ہے اور اس سلسلے میں فوڈ اتھارٹی حکام زمیندار و کاشتکار حضرات کو دیگر متبادلہ فصلیں اگانے کے حوالے سے آگاہی و ہدایات بھی دے رہے ہیں بصور ت دیگر دوبارہ سبزیاں اگانے پر ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فوڈ اتھارٹی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کوئٹہ شہر و دیگر علاقوں میں تلف کی گئی سبزیوں کو مسلسل نالوں کے گندے پانی سے سیراب کیا جاتا رہا ہے اور ان سبزیوں کے استعمال سے لوگ معدے، جگر اوردیگر مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں۔