کوئٹہ : کوئٹہ میں تیزاب پھینک کر خاتون کو زخمی کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سریاب کی حدود میں سبزل روڈ پر پیش آیا جہاں ایک خاتون بشریٰ بی بی پر ایک شخص نے تیزاب پھینکا اور فرار ہوگیا۔ تیزاب پاؤں پر لگنے سے خاتون زخمی ہوگئی جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ انہیں جسم کے صرف دو فیصد حصے پر زخم آئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے بتایا ہے کہ ان پر تیزاب ان کے ساتھ نجی دفتر میں کام کرنیوالے ساتھی نے پھینکا ہے۔ کوئٹہ میں پانی میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
تفصیل کے مطابق سپین کاریز کے قریب پانی میں ڈوب کر بیس سالہ خلیل ولد سید محمد آغا جاں بحق ہوگیا۔ متوفی کی لاش نکال کر ہسپتال منتقل کردی گئی۔ جاں بحق نوجوان کا تعلق کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن سے تھا۔