|

وقتِ اشاعت :   July 14 – 2019

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک مخصوص لابی اپنی سیاسی ناکامیوں پر پردہ پوشی کے لئے نیشنل پارٹی کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگینڈے میں مصروف ہے۔

انھوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں ملک کے نامور صحافی جاوید چوہدر ی کے نام سے ٹیوئٹر پر میرحاصل خان اور پارٹی کے خلاف فیک اکاونٹ سے ٹویٹ کرکے اس کو فیس بک اور سوشل میڈیا کے دیگر ذریعے سے پھلانے کی کوشش کی گئی بیان میں کہا گیا کہ میرحاصل خان بزنجو نے جب گزشتہ دنوں نامور صحافی کالم نگار اور اینکر پرسن جاوید چوہدر ی سے رابطہ کیا تو موصوف نے اس بات کی تردید کی کہ میرا ٹوئیٹر پر نہ اکاونٹ ہے اور نہ میں نے ایسا کوئی ٹوئٹ کیا ہے۔

بیان میں کہا گیاکہ جاوید چوہدر ی نے اس بات کی یقین دہانی بھی میرحاصل خان بزنجو کو کرائی کہ اس کی تردید وہ اپنے فیس بک اکاونٹ سے بھی کریں گے بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی ایک سنجیدہ سیاسی و جمہوری جماعت ہے اور اپنا سیاسی کردار انتہائی احسن انداز میں ادا کررہی ہے اور پاکستان کے تمام سیاسی و جمہوری جماعتوں نے پارٹی کی مرکزی قیادت اور سیاسی کردار کی توثیق پارٹی کے مرکزی قائد میر حاصل خان بزنجو کو مشترکہ طور پر سینیٹ کے چیئر مین کے لیے نامزد کرکے کیا ہے۔