|

وقتِ اشاعت :   July 16 – 2019

کوئٹہ: مجلس قائمہ کمیٹی برائے زراعت و کو آپریٹو سوسائٹی، لائیواسٹاک ڈیری ڈیو یلپمنٹ، ماہی گیری و خوراک کا اجلاس کمیٹی چیئرمین یونس عزیز زہری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے ممبران مٹھان خان کاکڑ، نصیر احمد شاہوانی، زمرک خان اچکزئی، شکیلہ نوید، لالا رشید بلوچ، متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز اور دیگر آفیسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ممبران نے محکمہ زراعت محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ماہی گیری کودر پیش مسائل پر غور و خوص کیا۔ اس موقع پر محکمہ زراعت میں مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ محکمہ میں ہر اقدام قانون کے مطابق اٹھانا حکام بالا کا آئینی فرض ہے اپنی ذمہ داری سے روح گردانی کرنا عوام اور صوبے کے ساتھ ناانصافی کرنے کے مترادف ہوگا۔

اس لیئے عوام کی خدمت کو ذمہ داری سمجھتے ہوئے آفیسران کو اخلاص اور محنت سے کام کرکے صوبے کی ترقی میں کردار ادا کرنا چاہیئے۔سیکریٹری زراعت نے چیئرمین او رکمیٹی کے تحفظات جلد از جلد دور کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔

ایجنڈے کے مطابق چیئرمین نے سیکریٹری محکمہ لائیو اسٹاک کو بھی جلد سے جلد محکمانہ مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینئر افسران کا محکمے اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے اس لئے ان کو اپنے جونیئرز کے ساتھ مثبت رویہ رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبے قانون سے چلتے ہیں اس لیئے ہم قانون کی بالا دستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ مزید براں چیئرمین نے محکمہ ماہی گیری کے تمام اضلاع کے لئے منظور شدہ آسامیوں کو میرٹ کی بنیاد پر پُرکرنے کی ہدایت کی۔ آخر میں متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز قائمہ کمیٹی کو تمام ضروری رپورٹس پیش کرنے کی یقینی دہانی کرائی۔