|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2019

کوئٹہ: سیکریٹری زراعت قمبر دشتی نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے زرعی شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانا ہوں گی۔ جس سے لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آنے کے علاوہ صوبے کی معیشت میں بہتر ی لائی جاسکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل توسیع کے د و رے اور تجرباتی بنیادوں پر لگائے گئے پودوں اور درختوں کے پلاٹ کا معائنہ کے موقع پر آفیسران اور زمینداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکریٹری زراعت نے کہا کہ زراعت کی ترقی کیلئے ہمیں جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ ایسے فصلیں اور درخت اگانے ہوں گے جو کہ صوبے کے موسمیاتی حالات اور کم پانی کے باوجود اچھی پیداوار دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ زراعت صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اس کے فروغ سے صوبہ خوشحال اور زمینداروں کی زندگی میں واضح تبدیلیاں رونما ہوں گی۔

انہوں نے آفیسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں غفلت برتنے کی بجائے زمیندا روں تک جدید ٹیکنالوجی کو ان کی دہلیز پر پہنچانے کو عبادت سمجھیں تاکہ زراعت کا شعبہ ترقی کرے جس سے پورا صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔