کوئٹہ: بلوچستان کے اساتذہ اور انجینئرز کے بعد طلباء بھی اپنے مطالبات کے حق میں سڑکوں پر آگئے،میڈیکل کالجز کے طلباء نے مطالبات کے حق میں پریس کلب سے ریلی نکالی اور ہاکی چوک پر احتجاجی دھرنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے تین میڈیکل کالجز کی میرٹ لسٹ جاری نہ کرنے کے خلاف کوئٹہ میں طلباء نے کوئٹہ پریس کلب سے احتجاجی ریلی نکالی جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے عبدالستارایدھی چوک پرپہنچی جہاں پر طلباء کی بڑی تعداد نے احتجاجاََ دھرنا دیا اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی،طلباء کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ انٹرویوز ہوئے کئی ماہ گزر چکے ہیں مگر اب تک کلاسز شروع نہیں کئے گئے صرف طلباء کو جھوٹی تسلیاں دی جارہی ہیں۔
مظاہرین کاکہنا ہے کہ شدید گرمی کے باوجود مطالبات پورے ہونے تک دھرنا جاری رہیگا۔دوسری جانب بی ایم سی انتظامیہ نے اپنا موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے رجسٹریشن منظور ہونے پر ہی کلاسز کا آغاز کیا جائے گا۔واضح رہے کہ میڈیکل کے طلباء گزشتہ کئی دنوں سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ لگائے بیٹھے ہوئے ہیں مگر اب تک ان کے مطالبات کے حوالے سے کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔