|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2019

خضدار: متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمعرات کو خضدار میں بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکا شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مرکزی آزادی چوک پر ایک جلسہ منعقد کیا احتجاجی جلسے سے جمعیت علما اسلام کے ضلعی امیر مولانا قمر الدین،مفتی عبدالقادر شاہوانی،مولنا عنایت اللہ رودینی،مولانا محمد اسحاق شاہوانی،نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میر آصف جمالدینی،عبدالحمید ایڈوکیٹ،مسلم ن کے رہنما عید محمد ایڈوکیٹ،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما عبدالحمید غلامانی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پچیس جولائی کو سلیکٹڈ حکومت کوایک سال مکمل ہوگیا ہے۔

ایک سال میں حکومت کی تباہ کن پالی سیوں نے عوام الناس کی زندگی اجیرن کردی ہے ناقص حکمرانی کے باعث ملکی ادارے مفلوج ہوگئے، خود ساختہ مہنگائی سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے احتساب کے نام پر سیاسی قائدین اور رہنماؤں کی گرفتاری سے نفرت کی بیج بوئی جا رہی ہے۔

مقررین نے کہا کہ ایک سال قبل ووٹوں کی پرچی پر ڈاکہ ڈال کر ایک مخصوص ٹولے کو عوام پر مسلط کیا گیا جن کے بر سر اقتدار آنے سے نہ صرف قومی اداروں کی ساکھ متا اثر ہوئی بلکہ ملک معاشی اور اقتصادی طور پر دن بہ دن کنگال ہوتا جارہا ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے الیکشن سے قبل بڑے بڑے دعوے کیئے اور کہا کہ میں کسی مالیاتی ادارے سے قرض نہیں لونگا اور نہ کشکول لے کر بھیک مانگونگا لیکن آج وہی وزیر اعظم کی معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کی ٹیم بنا رہی ہے ملکی تمام معاشی پالیسیاں جب غیروں کے ہاتھ ہونگے تو ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ نا تجربہ کار سلیکٹڈ وزیر اعظم کی ایما پر سیاسی قائدین کواحتساب کے نام پر پابند سلاسل کیا جا رہا ہے مقررین نے کہا کہ اگر عمران خان کو مزید چار سال قوم پر مسلط کیا گیا تو ملک انتشار اور افرا تفری کا شکار ہوگا۔