|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2019

کوئٹہ : جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کی جانب سے 28جولائی کو کوئٹہ میں منعقدہ عظیم الشان ناموس رسالت ﷺ ملین مارچ کے سلسلے میں شاندار ریلی نکال کر شہر کی مختلف شاہراہوں مارچ کیا گیا، ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔

 28جولائی کو بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ملین مارچ ہوگا: مولانا عبدالرحمن رفیق اور دیگر کا ریلی سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ضلع کوئٹہ کی جانب سے 28جولائی (آج) کوئٹہ میں ہونے والی عظیم الشان تاریخ ساز ناموس رسالت ملین مارچ کے سلسلے میں ایک ریلی جمعیت ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ مسعود احمد، سیکریٹری اطلاعات عبدالغنی اور مولانا محمد طاہر توحیدی کی قیادت میں نکالی گئی، ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔

 ریلی کے شرکاء نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرنے کے بعد منان چوک پر پہنچے جہاں ریلی ایک بڑے جلسے کی صورت اختیارکر گئی، اس موقع پر کارکنان نے فلک شگاف نعرے لگائے۔

 اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری حافظ مسعود احمد، سیکریٹری اطلاعات عبدالغنی اور مولانا محمد طاہر توحیدی اور دیگر نے کہا کہ 28جولائی کو بلوچستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ملین مارچ ہوگا جس میں لاکھوں افراد شرکت کریں گے۔

 انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا اور پاکستان کے قیام میں علماء کرام نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے پاکستان میں ناموس رسالت اورختم نبوت کے خلاف کسی قانون کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ناموس رسالت اور ختم نبوت کے خلاف قانون کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام نااہل حکمرانوں کے خلاف برسر پیکار بنی ہوئی ہے، نااہل حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے معاشی طور پر ملک کا دیوالیہ نکال دیا گیا ہے اور نصب شدہ وزیر اعظم دنیا بھر میں پاکستان کے خلاف باتیں کررہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہمیں ان قوتوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ انہوں نے جس نالائق کو ملک پر مسلط کیا ہے وہ پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیہ سرحدوں کے تقدس کو پائمال کررہا ہے جمعیت علمائے اسلام پاکستان میں اسلامی قوانین کے خلاف کسی بھی قانون کو تسلیم نہیں کرتی۔

 انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی طرف لاکھوں کارکنان قائد جمعیت کے ایک اشارے پر سروں سے کفن باندھ کر نکلنے کے لیے تیارہیں اور جس دن جمعیت کے کارکن اسلام آباد کی طرف نکلے تو نااہل حکمرانوں کو چھپنے کی جگہ بھی نہیں ملے گی۔