|

وقتِ اشاعت :   August 11 – 2019

لاہور: قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخرزمان  نے تکنیک میں خرابی کا تاثر مسترد کر دیا۔ 

ایک برطانوی ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے قومی ٹیم کے جارح مزاج بلے باز کا کہنا تھا کہ جب بھی اچھی کارکردگی نہ دکھا پاؤں تو تنقید کے ساتھ اسی طرح کی باتیں ہوتی ہیں کہ تکنیک درست نہیں، سنچری بناتے ہی لوگوں کی رائے تبدیل ہوجاتی ہے مگر مجھے باتوں کی پرواہ نہیں، اپنی طرف سے بہترین کوشش کرتا ہوں۔

فخرزمان نے کہا کہ میرے بارے میں کہا جاتا ہے کہ حریف ٹیمیں میری بیٹنگ کے بارے میں جان چکیں، اس لیے آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں، مگر کرکٹ کو سمجھنے والے اس طرح کی رائے قائم نہیں کرتے، مثال کے طور انگلینڈ سے پہلے میچ میں 3 رنز تک محدود رہا تو میری تکنیک اور بیٹنگ میں کمزوریاں بھانپ لینے کی باتیں ہوئیں اور اگلے ہی میچ میں 138رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوگیا تو لوگوں کی رائے بھی یکسر تبدیل ہوگئی۔

ایک سوال پر فخرزمان نے کہا کہ کئی سابق کرکٹرز نے کاؤنٹی کرکٹ میں شرکت کرتے ہوئے اپنا کھیل نکھارا، میرے لیے بھی یہ بہترین موقع ہے، ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ میں بہت کچھ سیکھا، انگلینڈ میں گرمی کی وجہ سے کنڈیشنز ذرا مختلف اور ایشیا جیسی لگ رہی ہیں، ٹیمیں زیادہ ہونے کی وجہ سے مسابقت کی فضا متاثر ہوئی تاہم میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔

فخر زمان نے کہا کہ مجھے کولن انگرام کی قیادت میں کھیلتے ہوئے سیکھنے کا موقع ملا ہے،ان کی سپورٹ حاصل ہونے کی وجہ سے نیچرل کھیل کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب ہوا۔ ایک سوال پر اوپنر نے کہا کہ ایشز سیریز میں دونوں ٹیمیں ہی ہم پلہ نظر آتی ہیں لیکن گرم موسم کو دیکھتے ہوئے محسوس ہوتا ہے کہ کنڈیشنز آسٹریلیا کیلیے زیادہ سازگار ہیں۔