|

وقتِ اشاعت :   August 22 – 2019

تربت: صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس کمشنر آفس تربت میں منعقد ہوا۔اجلاس کے دیگر شرکاء میں کمشنر مکران کیپٹن ر طارق زہری، ایس ای واپڈ ا ریاض پٹھان، محکمہ زراعت کے ضلعی سربراہ حاجی ظہور احمد،محکمہ ایم ایم ڈی کے ضلعی سربراہ شعیب اکرم کے علاوہ بلیدہ کے زمینداروں کے ایک وفد نے عبدالرحمان کی سربراہی میں شرکت کی۔وفد کے دیگر اراکین میں کہدہ حاصل،اختر بلیدی،محمد اسماعیل شامل اور دیگر شامل تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ محکمہ زراعت اور واپڈ ا سمیت دیگر سرکاری محکموں کو تربت شہر کے علاوہ ضلع کیچ کے دیہی علاقوں کا بھی دورہ کرنا چاہیے تاکہ متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کا علاقہ کے لوگوں کے ساتھ رابطہ قائم ہوسکے اور دونوں کو ایک دوسرے کے مسائل کے بارے میں آگا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل بلیدہ کے لوگوں کے ذریعہ معاش زیادہ تر انحصار زراعت کے شعبے سے وابستہ ہے۔

مگر زرعی سہولیات کے فقدان اور بجلی کی کمی کی وجہ سے زراعت جیسا شعبہ بھی زوال پزیری کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کیچ کے خواراک کی ضروریات کا بیشتر حصہ تحصیل بلیدہ پورا کرتا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم تحصیل بلیدہ کے زمینداروں کے مسائل حل کریں تاکہ ضلع کیچ میں خواراک کا بحران پیدا نہ ہو انہوں نے محکمہ زراعت اور واپڈ ا کے سربراہان پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زمینداروں کو بیج فراہم کیے جائیں۔

اور بجلی کی سپلائی کے نظام میں بہتری لائی جائے اور بلاوجہ لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔اس دوران انہوں نے ایس ای واپڈا سے بلیدہ گرڈ اسٹیشن کو خراب ٹرانسفارمر کی تبدیلی کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جبکہ انہوں نے محکمہ ایم ایم ڈی کے اہلکاروں کو بھی زمینداروں کو ٹریکٹر اور بلڈوزروں کی فراہمی کے فوری احکامات بھی جاری کیے۔

اس دوران کمشنر مکران کیپٹن (ر)طارق زہری نے متعلقہ محکموں کے لوگوں تحصیل بلیدہ کے علاوہ دیگر دیہی علاقوں کے باقاعدہ دورے کی تلقین کی اور اگلے مہینے تربت میں بلیدہ کے زمینداروں اور متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کے درمیان ایک تفصیلی میٹنگ کی بھی کال دی۔

دریں اثناء زمینداروں کے وفد کے سربراہ عبدالرحمان نے واپڈا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلیدہ میں بجلی وولٹیج تارچڑھاؤ میں بہتری،ٹرپنگ کے خاتمے کے لیے بلیدہ گرڈ میں نئیے ٹرانسفارمر کی تنصیب اور لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں خاطر خواہ کمی کی جائے تاکہ لوگوں کو ریلیف مل سکے۔ اجلاس میں بجلی کے بلنگ کے نظام میں بہتری لانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ واپڈ ا کے ریکوری میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔