|

وقتِ اشاعت :   August 23 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی قطر کے سابق صدر میر عبدالرشید مینگل نے کہا ہے کہ سردار اختر جان مینگل کو حاصل عوامی تائید مخالفین کو ہضم نہیں ہورہی ہے، سردار اختر مینگل نے اپنے عمل اور کردار سے خود کو بلوچ قوم کا حقیقی وارث اور فرزند ثابت کیا۔

اپنے جاری ایک مذمتی بیان میں عبدالرشید مینگل نے کہا کہ پریس کانفرنس میں سردار اختر جان مینگل کو ایک تحائفہ کا سردار کہنے والے معتبر کی بوکھلاہٹ عیاں تھی الزامات عائد کرتے وقت موصوف کی زبان ہی اسکا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل مینگل قبیلے کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے میں آباد تمام محکوم ومظلوم اقوام کے حقوق کے نگہبان ہیں اور یہی وجہ ہے کہ سردار اختر جان مینگل کی بڑھتی ہوئی سیاسی و سماجی مقبولیت سے خائف عناصر غلط بیانی کا سہارا لیکر اپنے کردار پر پردہ ڈالنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء اور 2018ء کے انتخابات میں تمام تر سازشوں کے باوجود بلوچستان نیشنل پارٹی کو حاصل عوامی تائید نے یہ بات ثابت کیا ہے کہ صوبے کا ہر ایک فرد صوبے کے حقوق کی جدوجہد میں سردار اختر جان مینگل کا ساتھی ہے۔