|

وقتِ اشاعت :   August 26 – 2019

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بلڈنگ کوڈ اور تعمیراتی قوانین کی پامالی پر میٹروپولیٹن کارپوریشن حرکت میں آ گیا، ایرانی سیمنٹ کے استعمال پر مکمل پابندی عائد، پٹیل روڈ سمیت دیگر علاقوں میں قائم نجی ہسپتالوں کو تنبیہ جاری جبکہ جناح روڈ پر اہم شخصیت کے زیر تعمیر پلازے کی۔

تعمیر میں قوانین کی خلاف وزری پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا دوسری جانب چیف آرکیٹکٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن عبدالعزیز کاکڑ نے شہریوں سے بلڈنگ کوڈ پر عملدرآمد یقینی بنانے میں مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور خواص سبھی خبردار رہیں تعمیراتی قوانین کی خلاف وزری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

جس عمارت کا جو نقشہ جس مقصد کے لئے اپرووڈہوا ہے اس سے ہٹ کر عمارت میں کسی قسم کی کمرشل سرگرمی جاری نہیں رہنی چاہئے۔ واضح رہے کہ کوئٹہ شہر میں ایک عرصے سے تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی کا عمل جاری ہے زلزلوں کی فالٹ لائن پر واقع صوبائی دارالحکومت میں بلند و بالا اور خلاف ضابطہ تعمیرہونے والی عمارتیں شہریوں کے سروں پر لٹکتی تلوار سے کم نہیں تاہم مسلسل شکایات اور قوانین کی خلاف وزری پرمیٹروپولیٹن کاپوریشن کا خصوصی سیل حرکت میں آگیا ہے۔

گزشتہ روز چیف آرکٹیکٹ عبدالعزیز کاکڑ کی سربراہی میں میٹروپولیٹن کی ٹیم نے شہر میں زیر تعمیر مختلف عمارتوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی قوانین کا جائزہ لیتے ہوئے متعدد مالکان کو تنبیہ کی اورکنسٹرکشن کمپنیز کو ایرانی اور زائد المعیاد سیمنٹ استعمال نہ کرنے کی تاکید کی۔

اس موقع پر جناح روڈ پر ایک اہم شخصیت کے زیر تعمیر پلازے کا ملبہ سڑک اور فٹ پاتھ پر پڑے رہنے پر ٹیم نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور اہم شخصیت پر جرمانہ عائد کیا بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف آرکیٹکٹ میٹروپولیٹن کارپوریشن عبدالعزیز کاکڑنے بتایا کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔

کوئٹہ شہر میں اکثر عمارتیں ایسی ہیں جن کے منظور شدہ نقشوں میں پارکنگ دکھائی گئی ہے لیکن دیکھنے میں آیا ہے کہ ان عمارتوں میں پارکنگ موجود نہیں میٹروپولیٹن کارپوریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ جن عمارتوں میں کمرشل ایکٹیوٹیز ہوتی ہیں اور ان میں پارکنگ کی سہولت موجود نہیں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔

علاوہ ازیں پٹیل روڈ سمیت شہر کے اکثر علاقوں میں قائم نجی ہسپتالوں کے حوالے سے شکایات ہیں کہ یہ ہسپتال ایسی عمارتوں میں قائم ہیں جن کے نقشوں کی اپروول کے وقت ہسپتال قائم کرنے کی اجازت نہیں لی گئی ایسے تمام بلڈنگ کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائے گی ہسپتال مالکان کو آگاہ کردیاگیا ہے۔

کہ اگر انہوں نے نقشے میں ہسپتال کی اپروول نہیں لی تو فوری طورپر متبادل جگہ منتقل ہوجائیں انہوں نے بتایا کہ اکثر کنسٹرکشن فرمز اور شہری تعمیرات کے وقت ایرانی سیمنٹ کا استعمال کرتے ہیں میٹروپولیٹن کارپوریشن شہریوں کو خبر دار کرتاہے کہ عمارتوں کے کالم، بیم اور چھت میں ایرانی سیمنٹ کا استعمال خطرناک ثابت ہوسکتا ہے ایرانی سیمنٹ جہاں سے ملا میٹروپولیٹن کارپوریشن اسے ضبط کرلے گا کیونکہ اس پر ایکسپائر ی تاریخ بھی درج نہیں ہوتی اور مناسب چیک اینڈ بیلنس کے بغیر یہ سیمنٹ آتا ہے۔

جس کا استعمال خطرناک ثابت ہوسکتا ہے انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ساتھ تعمیراتی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لئے بھرپور تعاون کیا جائے تاکہ شہر یوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ شہر کی تعمیرو ترقی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔